فرہنگِ دبیرؔ ۔۔نسلِ نو کے لیے دبیرؔ شناسی کا اہم وسیلہ , تبصرہ : ارم اقبال نقوی

0
1291

اردو زبانِ و ادب میں رثائی ادب کی تاریخ میں دو مشاہیر کے نام ہمیشہ سے سرِ فہرست لکھے جاتے رہے ہیں اور لکھے جاتے رہیں گے ، خدائے سخن میر ببر علی انیسؔ ( 1803ء تا 1874ء) اور دبیرِ سخن مرزا سلامت علی دبیرؔ (1803ء تا 1875ء ) ۔۔۔۔ ان دونوں نے اردو مرثیہ کو جس اوج تلک پہنچایا اس کے اعتراف میں پچھلی دو صدیوں سے متواتر لکھا گیا اور لکھا جاتا رہے گا۔ لیکن حقیقت یہی ہے کہ انیس اپنے اسلوب میں یکتا ہیں تو دبیر اپنے فن میں کمال ۔ دونوں کا موازنہ کرنے کا خیال ہی لا یعنی ہے۔ ادب کا تقاضہ تو یہی ہے کہ تسلیم کیا جائے کہ میدانِ ادب میں دونوں ہی ہم پلہ و ہم نصب تھے۔
یہاں ایک خاصے کی بات بھی بیان ہو جائے کہ دبیرؔنے ایک پورا مرثیہ بے نقط بھی لکھا ہے۔یہ تمام تر مرثیے اپنی زبان و بیان ، اظہارو اسلوب کے لحاظ سے نہ صرف ادبِ عالیہ میں منفرد مقامِ کے حامل ہیں بلکہ اپنے سادگی و سلاست کے ساتھ ساتھ عربی و فارسی کے کثیر ذخیرہِ الفاظ کو اپنے دامن میں سمیٹے پورے طمطراق کے ساتھ ہر عہد میں زندہ ادب کے ترجمان ہیں۔
ان دونوں مشاہیرکے مراثی جو کہ سینکڑوں کی تعداد میں ہیں ان میں سے بہت سے آج تک لوگوں کی نگاہوں کی اوجھل ہی رہے تھےاور ان مراثی کو عام کرنے میں ہر دور میں جو کام ہوا وہ قدرے سست روی کا شکار رہا۔ خصوصا عصرِ حاضر میں جب کہ نسلِ نو میں تو اردو زبان و ادب کے قدیم دور کے اعلیٰ مشاہیرکو پڑھنے اور سمجھنے کا ذوق بالکل ماند ہوتا جا رہا ہے۔ تو بہت لازم تھا کہ انیس و دبیر اور دیگر نامور مرثیہ گو شعرا کے نہ صرف رثائی کلام کو یکجا کیا جائے بلکہ ان کے اس کلاسیکی کلام سے متعلقہ لغات بھی ترتیب دی جائیں تاکہ جدید دور کے اردو قارئین اردوئے معلیٰ کے الفاظ و تراکیب کو با آسانی سمجھ پائیں ۔ جن کے توسط سے نسلِ نو کے لیئے انیس شناسی، دبیر شناسی بلکہ مرثیہ شناسی کی راہیں آسان ہوں۔ اور اس ضرورت کو جب کینیڈا میں مقیم اصغر مہدی اشعر صاحب نے محسوس کیا تو سب سے پہلے سال 2017 ء میں ای مرثیہ کے نام سے ایک ویب سائیٹ www.emarsiya.com کا اجرا کیا جس پرقدیم و جدید مرثیہ نگاران کے تعارف، ان کے مراثی ، ان کی آڈیو، وڈیوز وغیرہ کو جگہ دی ۔ اور ان مرثیوں کو ہی فقط پہنچانا مقصود نہیں تھا بلکہ فروغِ مرثیہ کے لیئے ان مرثیوں میں شامل مشکل الفاط کی لغات بنا کر بھی مرثیے تک رسائی پیدا کی گئی ہے ۔ اس سلسلے کے آغاز میں فرہنگِ انیس کو ترتیب دے کر سال 2019 ء میں شائع کروایا اور اس سال 2021 ء میں ان کی مرتب کردہ 5500 سے زائد الفاظ پر مشتمل فرہنگِ دبیرؔ میں منظرِ شہود پر آ چکی ہے۔ اصغر مہدی اشعرجو کہ پیشے کے اعتبار سے انجینئیر ہیں تاہم بچپن سے نہ صرف تحت اللفظ مرثیہ خوانی کے حوالے سے جانے جاتے ہیں بلکہ فروغِ مرثیہ انٹرنیشنل کے بانی وموسس بھی ہیں اور اردو مرثیہ کی ویب سائٹ www.emarsiya.com کے بھی بانی و ایڈمن ہیں۔ اصغر مہدی اشعراس سلسلے میں مزید یہ عزمِ مصمم رکھتے ہیں کہ وہ جوش ، نسیم امروہوی اور دیگرتمام ترنامورمرثیہ نگاروں کے بھی مراثی سے متعلق الگ الگ فرہنگ کو ترتیب دیتے رہیں گے۔
نامور محقق و شاعر ڈاکٹر ھلال نقوی نے اس لغت اور اس کےمولف کی ادبی خدمات سے متعلق ان الفاظ میں اعتراف کیا ہے۔
فرہنگ نویسی اور لغت نگاری کی لسانیاتی دنیا میں ایک ایسا’’ قحط الرجال‘‘ ہے کہ دُور تک کوئی بڑی شخصیت نظر نہیں آ رہی۔ ارتقائی عمل کی چابک دستیوں سے معاشرہ جس تیزی سے بدل رہا ہے، سماجی و تہذیبی قدریں جس شدت سے زندگی کےخدوخال پر اثر انداز ہو رہی ہیں اس سے لفظ کا جغرافیہ بھی تبدیل ہو رہا ہے ، معانی بھی نئی بساط بچھا رہے ہیں اور مفہوم بھی احساس کےنئے دائرے بُن رہا ہے، لیکن اِن کی تشریح کرنے والا، اِن کا کوئی مزاج داں اور اِن کا رخ متعین کرنے والاکوئی قلم کار سامنے نہیں آ رہا۔ ۔۔ ایسے میں کینیڈا میں مقیم جواں سال و جواں فکر اصغر مہدی اشعرؔ کا ’’فرہنگِ دبیر‘‘ لے کر افق ِعلم و فن پر نمودار ہونا حیران کر دیتا ہے ۔
اشعرؔ بنیادی طور پر تو بظاہر ادبیات کے آدمی نہیں ہیں، وہ کراچی کی این ای ڈی یونیورسٹی سے فارغ التحصیل انجینئر ہیں جبکہ فرہنگ یا لغت نویسی تو حرف، لفظ، زبان، بیان، معانی ومترادفات کی فضا میں سانس لینے والوں کا ہنر ہے، توسوال یہ ہے کہ پھر اصغر مہدی اشعر نے یہ معرکہ کیسے سر کر لیا ۔اِس فتح مندی اور کامرانی کا سبب صرف ایک ہے اور وہ یہ ہے کہ لڑکپن سے صنفِ مرثیہ اور فنِ تحت اللفظ خوانی سے ان کی نسبی اور پُشتینی وابستگی نے اُن کی روح میں زبان وبیان سے گہرا عشق اجاگر کر دیا۔۔۔۔۔ 2018ء میں ڈیجیٹل لائبریری کا قیام، جس میں آج کی تاریخ تک تین ہزار سے زائد مراثی شامل کیئے جا چکے ہیں۔2019 ء میں ’’ فروغِ مرثیہ ۔ ایک نئے عزم کی ابتدا ‘‘کے عنوان سے اپنی پہلی کتاب، ’’فروغِ مرثیہ ‘‘کے عنوان سے سہ ماہی رسالہ جس کے اب تک چار شمارے منظرِ عام پر آ چکے ہیں۔صرف یہی نہیں، 2019ء میں انہوں نے ’’فرہنگِ انیسؔ ‘‘ ترتیب دے کر ادبی دنیاکو چونکا دیا تھا اور اب صرف ایک سال بعد ہی 2021 ء میں’’فرہنگِ دبیرؔ ‘‘ کی اشاعت نے پوری اردو شاعری خصوصاً رثائیات کے ادبی مورخوں کو اِس خدمت کے اعتراف پر مجبور کر دیا ہے ۔
میں یہ بات یقینی طور پر کہہ سکتا ہوں کہ کئی سو برس پر مشتمل ہماری اردو شاعری میں دبیر ؔسے زیادہ الفاظ کا نادر سرمایہ و خزینہ شاید ہی کسی کی میراث میں ہو ۔ فراقؔ گورکھپوری نے ایک بار کہا تھا کہ مرزا دبیرؔ کا ذخیرہِ کلام اس قدر زیادہ ہے کہ عام قاری اس بحرِ ذخار کی پیراکی نہیں کر سکتا ۔ دبیرؔ کی خیال آرائیاں اور اُن کے طلسماتی اظہار نے لفظوں کی ایک حیرت ناک دنیا آباد کر دی ہے ۔ وہ سارے مرثیہ نگاروں سے مختلف شاعر تھے۔ جوشؔ صاحب نے ایک مقام پر لکھا ہے کہ الفاظ اور اہلِ بیتِ الفاظ کا معاملہ شعرا کے ہاں قطعی مختلف اور استشنائی ہوا کرتا ہے۔ رثائی دنیا کے اِس سب سے مختلف شاعر کے ساڑھے چار سو سے زیادہ مرثیوں کی فرہنگ ترتیب دینا خون تھوکنے کے مترادف ہے ۔ اصغر مہدی اشعرؔ نے جس انہماک ، شام و سحر کی جس محنت اور وقت کی طنابیں کھینچ کر روح کی جن شب بیداریوں میں بس کر یہ کام سر انجام دیا ہے ۔ ہماری ادبی تاریخ اسے فراموش نہیں کر سکے گی ۔

نامور مرثیہ گو جاوید حسن صاحب نے اس لغت کے پیش لفظ میں خراج پیش کرتے ہوئے دیباچہ میں لکھا ہے کہ
عزیز برادرِ خُرد و خردمند اصغر مہدی اشعرؔ کی ترتیب کردہ ’’ فرہنگِ دبیر ” ‘‘سامنے ہے اِس فرمائش کے ساتھ کہ اِس فرہنگ پر رائے دی جائے ۔
سوچتا ہوں کہ پہلے ذکر کس کا کروں، فرہنگ کا یا صاحبِ فرہنگ کا ۔ دونوں ہی داد کے مستحق ہیں۔ آئیے پہلے صاحبِ فرہنگ کاذکر کرتے ہیں۔
جاننے والے جانتے ہیں کہ اشعرؔ صاحب پیشہ کی رو سے انجینئر ہیں ۔ ذاتی محنت، ذہانت اور بزرگوں کی دعاؤں کی بدولت بلادِ فرنگ میں ایک کامیاب، آسودہ اور خوشحال زندگی گزار رہے ہیں ، تو پھر یہ مرثیہ کے دشت کی سیاحی کی کیا سوجھی ۔ بیٹھے بٹھائے ایک ادارہ’’ فروغِ مرثیہ انٹرنیشنل‘‘ قائم کر دیا جس کے ایک منصوبے کے تحت www.emarsiya.com جیسی ویب سائیٹ جس میں تقریباً 3000 سے اوپر مراثی مختلف شعرا کے محفوظ ہیں ۔ بس ایک اشارے کی دیر ہے شاعر اور اُس کے سارے مراثی آپ کی دسترس میں ہیں ۔
مرثیے پڑھنے اور سننے کے رسیا، خود بھی خوب تحت اللفظ پڑھتے ہیں اور دوسروں سے بھی پڑھواتے ہیں ۔ اپنی کاوشوں سے کینیڈا میں ہی ایک معتبر حلقہ مرثیہ گویوں، مرثیہ شناسوں اور سامعین کا قائم کیا ہوا ہے اور کامیاب مجالس منعقد کراتے ہیں، یہ مجالسِ مرثیہ تحت اللفظ فروغِ مرثیہ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔
اشعر صاحب نے اس پر ہی بس نہیں کِیا بلکہ مرثیہ کے جنون میں ’’ فرہنگِ انیس‘‘ مرتب کر ڈالی اب اور آگے بڑھے ہیں اور ’’ فرہنگِ دبیر‘‘حاضرِ خدمت ہے،بقول حافظؔ
؎ قرعہ کار بنامِ منِ دیوانہ زدند
یا میرؔ صاحب کی زبان میں
؎ سب پہ جس بار نے گرانی کی
اُس کو یہ ناتواں اُٹھا لایا
یااللہ یہ میرانوجوان دوست انسان ہے یا ۔۔۔۔۔۔۔۔
مگر حیران ہونے کی ضرورت نہیں یہ اِن کی حسبی نسبی نجابت اور مذکورین و ممدوحینِ مرثیہ (آلِ محمدؐ) سے مودّت اور محبت جو نسلاً بعدِنسلاََ ان تک منتقل ہوئی اُسی کا فیض ہے اور پھر جب مرثیہ سے شغف ہو تو لفظیات اور لسانیات سے کیسے اور کیونکر دور رہا جا سکتا ہے ، لفظوں کی تلاش، لفظوں کے شجرے، لفظوں کی کیفیات ان کےلہو کی گردش میں رچ بس گئی ہے اور دیارِ فرنگ میں فرہنگ مرتب کر رہے ہیں۔
بلاشبہ رثائی ادب خصوصاً مراثیِ انیسؔ و دبیرؔنے اردو کے دُرجِ زباں کو جس طرح تشبیہات، استعارے، صنائع، بدائع سےبھر دیا ہے اردوزبان اس احسان کو فراموش نہیں کرسکتی ۔
پیشِ نظر’’ فرہنگِ دبیرؔ‘‘ میں مرزا سلامت علی دبیرؔ کے تقریباََ ۴۵۰ مرثیوں سے تقریباَ 5500 الفاظ کا انتخاب کیا گیا ہے اور پھر سات بنیادی لغاتِ اردو سے استفادہ، یہ لغت تقریباََ 500 صفحات پر مشتمل ہے ۔
ماشاءاللہ اشعرؔ صاحب، آپ کا یہ کام موسمِ سرما میں ہمالیہ کو سر کرنےکے مترادف ہے ۔ آپ اور آپ کا یہ کام اُس بلندی پر ہے کہ دیکھنے کو سر اُونچا کرنے میں ٹوپی گر جائے ۔
شنید ہے کہ اشعرؔ صاحب مستقبل میں’’ عام لغتِ مرثیہ ‘‘کی مُہم بھی سَر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بہت خوب! دِل کی گہرائیوں سے اشعر صاحب کو مبارک باد دیتے ہوئے کہ آپ نے وہ کام کیا جوبڑے بڑوں کے بَس کا نہیں ۔ برسوں کی ریاضت، تجربہ و مشقت چاہتا ہے ۔ مگر آپ نے اپنے شوق اور لگن کی بنیاد پر یہ کام کر دکھایا۔
؎ شوق کھینچے لیئےجاتا ہے میں کِیاجاتا ہوں
اس کام کی داد توانیسؔ و دبیر ؔبھی عالمِ بالا میں دے رہے ہوں گے اور صلہ وہی دیں گے جو اِن مراثی کے کِردار ہیں ۔ “

قارئینِ محترم ! فرہنگِ دبیرؔ کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان میں دبیر ؔکے مراثی کی پہلی فرہنگ ہے بلکہ لغاتِ مرثیہ کے سلسلے میں بھی یہ مرزا سلامت علی دبیرؔ کے مکمل مرثیوں کی پہلی فرہنگ ہے ۔ یہ کتاب ورثہ پبلی کیشنز اور فروغ مرثیہ انٹرنیشنل، کینیڈا کے زیرِ اہتمام شائع ہوئی ہے اور ضخامت کے اعتبار سے فرہنگِ انیس ؔسے زیادہ صفحات و ذخیرہِ الفاظ رکھتی ہے۔ تقریباََ پانچ صد صفحات پر مشتمل اس کتاب میں یہ اہتمام بھی رکھا گیا ہے مرثیوں میں استعمال شدہ جو الفاظ اور تراکیب عربی زبان کے ہیں حتیٰ کہ آیات و احادیث بھی، ان سب کو عربی رسم الخط میں کمپوز کیا گیا ہے۔ جو دیکھنے میں بھی بہت دیدہ زیب لگتے ہیں اور عام قاری کو پڑھنے میں بھی آسانی رہتی ہے۔ اصغر مہدی اشعر نے اب تک فرہنگ کے سلسلے میں جتنی بھی کتب ترتیب دی ہیں، اس میں خاصے کی بات یہ بھی ہے کہ اس میں شامل ہر شعر کے نیچے بطور حوالہ کتاب کا نمبر، مرثیہ نمبر اور صفحہ نمبرلازما شامل کیا گیا ہے۔ اس وجہ سے یہ لغت مرزا دبیرؔ کی شاعری پر ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلبا کے لیے بھی تحقیقی کام میں بہت مفید ثابت ہو گی۔ لہذا ہم یہ بات امیدِ واثق سے کہہ سکتے ہیں کہ فرہنگِ دبیرؔ، نسلِ نو کے لیئے دبیرؔ شناسی کا اہم وسیلہ ثابت ہو گی ۔ہماری دعا ہے کہ برادر اصغر مہدی اشعر جس ہمت اور تندہی سےاردو مرثیہ کی خدمت و ابلاغ میں مصروف ہیں مولا کریم ان کو مزید سے مزید تر توفیقات عطا فرمائیں اور ان کی یہ تمام تر خدمات آنے والے دور میں ایک بے مثال تاریخی حوالے سے یاد کی جاتی رہیں، آمین۔

اس فرہنگ کو حاصل کرنے کے لیے رابطہ کریں : ۔
پاکستان : فضلی بک سپر مارکیٹ
فون : 923362633887
ہندوستان : جناب عون پرتاب گڑھی
فون : 918052954806
برطانیہ، جرمنی : جناب ذیشان زیدی
فون : 447342085233
امریکہ/کینیڈا

٭٭٭

SHARE

LEAVE A REPLY