مارچ14, 2020
احتیاط اور افراتفری!

کورونا وائرس ۔۔ کوویڈ 19
جب سے عالمی وبا میں بدلا
دنیا کا نقشہ لمحہ لمحہ بدل رہا ہے
تقریباً تمام مُمالک نے اجتماعات پرپابندی لگا دی ہے
صرف فارمیسیز اور گروسری اسٹورز کھلے ہیں
مختلف کھیلوں کے مقابلے کینسل ہو چکے ہیں
مسلم ممالک نے
عُمرے اور جمعے کے اجتماعات تک پر پابندی عائد کردی
اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر
ٹوٹکوں، نام نہاد بابوں اور حکیموں کے نسخے گردش میں آگئے
زیادہ ترلوگوں کو یہ یقین نہیں آرہا
بیماری سے بچاؤ کے لیے احتیاط کریں تو بچا جا سکتا ہے
کچھ دو چھینکوں کے بعد ہسپتال دوڑے چلے آ رہے ہیں
اور کچھ کورونا وائرس کا شکار ہیں پر چھپا رہے ہیں
بظاہر
احتیاط اور افراتفری میں
زمین آسمان کا فرق ہے
پر یوں لگ رہا ہے ۔۔۔ جیسے
احتیاط ، افراتفری کی نظر ہو رہی ہے
——————————————————————-
مارچ15, 2020
فیملی یورپ ٹور

میرے احباب جانتے ہیں
مجھے
سیاحت سے عشق ہے
میرا یہ عشق عبادت ہے
کتنے جتن کیے تھے کہ پوری فیملی مل کر یورپ ٹور کرے
مئی کی 15 تاریخ سے 6 جون 2020 تک کا سفر مقرر ہوا
طے پایا ۔۔۔
منیب اور جیسیکا فرانس میں ہمارے میزبان ہونگے
نجیب اور آمنہ
آگے پیچھے چھٹیوں کے مطابق
زیورچ میں ہم سے آن ملیں گے
آفتاب اور میں
سوچ سوچ کر خوش ہوتے کہ سب ساتھ ہوں گے
پر ایسا نہیں ہوا
کورونا کی عالمی وبا سے
جہاں ہمارا فیملی یورپ ٹور کا خواب ٹوٹا
وہاں ٹور کینسل ہونے پر مالی دھچکا بھی لگا
سوچتی ہوں
اس کشتی کے سوار تو آدھی سے زیادہ دنیا ہو گی
بس ۔۔۔۔
اللہ ان کی خیر کرے
جو رستوں میں رہ گئے
اور اپنے گھر واپس نہ آ پائے
ڈاکٹر نگہت نسیم













