دنیا کے مقبول ترین ویڈیو پلیٹ فارم یوٹیوب نے کہا ہے کہ کرونا وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک 10 لاکھ سے زائد ایسی ویڈیوز کو ہٹایا جا چکا ہے جو کرونا وائرس سے متعلق ‘خطرناک گمراہ کن معلومات’ پر مبنی تھیں۔
خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق یوٹیوب نے بدھ کو ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ وہ صحت کی تنظیموں بشمول امریکہ کے بیماریوں کی روک تھام کے ادارے اور عالمی ادارۂ صحت کے ماہرین کے اتفاق رائے پر انحصار کرتی ہے۔ لیکن کچھ معاملات میں ‘گمراہ کن معلومات کم واضح’ ہوتی ہیں کیوں کہ نئے حقائق سامنے آ رہے ہوتے ہیں۔
یوٹیوب کے چیف پروڈکٹ آفیسر نیل موہن نے لکھا کہ “ہماری پالیسیاں ایسی ویڈیوز کو ہٹانے پر مرکوز ہیں جو براہِ راست حقیقی دنیا کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔”
گوگل کی زیرِ ملکیت ویڈیو پلیٹ فارم کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سیاسی رہنما کرونا وائرس اور دیگر موضوعات سے متعلق غلط اور نقصان دہ گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکامی پر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔













