وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ خیبرایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے میدان میں نصب بارودی مواد کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور 3 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔
واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے.
پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔












