سندھ بھر میں سندھی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے ثقافتی دن منایا گیا

0
1067

سندھی ثقافتی دن کے موقع پر سندھ بھر میں ٹوپی، اجرک اور ثقافتی لباس پہنے شہریوں نے ریلیاں نکالیں، ٹیبلوز پیش کیے اور گیتوں پر رقص کرتے ہوئے صوبہ سندھ کی قدیم تہذیب و ثقافت سے محبت کا بھرپور اظہار کیا ۔

کراچی، حیدرآباد، سکھر، خیرپور، مٹیاری، میرپور خاص، ٹنڈوالہیار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹہ، بدین، جیکب آباد، شکاپور، کندھ کوٹ، گھوٹکی، لاڑکانہ، نواب شاہ، دادو اور تھرپارکر سمیت سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں بھی ثقافتی دن کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور ریلیاں نکالی گئیں۔

سرپرسندھی ٹوپی سجائے اوراجرک اوڑھے بچوں، نوجوانوں اور خواتین نے یوم ثقافت کو یادگار بنایا اور امن اور محبت کی سر زمین سندھ سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا، مختلف مقامات پر ہونے والی تقاریب میں بچوں نے ٹیبلوز پیش کیے جبکہ نوجوانوں نے گیتوں کی دھنوں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرکے خوشی کا بھرپور اظہار کیا۔

یوم ثقافت سندھ پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا خصوصی پیغام
یوم ثقافت سندھ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کے عوام سمیت تمام پاکستانیوں کو یومِ ثقافت سندھ کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن وادیٔ مہران کے بھرپور ثقافتی ورثے، شاندار روایات اور لازوال اقدار کا مظہر ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ ثقافت ہم آہنگی، رواداری اور شمولیت کا عکاس ہے، سندھ صوفی بزرگوں کی سرزمین ہے جو صدیوں سے امن، بقائے باہمی اور محبت کا روشن مینار رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کا اتحاد و بھائی چارے کا پیغام نسل در نسل دلوں کو متاثر کرتا آیا ہے، اجرک اور سندھی ٹوپی محض ثقافتی اسباب نہیں بلکہ سندھ کی شناخت اور اقدار کے مظہر ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھاکہ اجرک اور سندھی ٹوپی ہمارے لیے احترام، وقار اور فخر کی علامت ہے، سندھ کی ثقافت کو محفوظ رکھنے اور فروغ دینے کیلئے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY