اسلام آباد ہائی کورٹ نے راول جھیل کے کنارے واقع نیول سیلنگ کلب کی تعمیر کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے تین ہفتوں میں گرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے حکام سے عمل درآمد رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے جمعے کو نیول سیلنگ کلب سے متعلق شہری زینت سلیم کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا۔
عدالت نے قرار دیا کہ نیوی کا اختیار نہیں کہ وہ کسی بھی قسم کے ریئل اسٹیٹ وینچر میں شامل ہو۔ عدالت نے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سے متعلق کہا کہ اس ادارے کو یہ اختیار حاصل نہیں تھا کہ وہ نیول فارمز کو نو آبجیکشن سرٹیکفٹ (این او سی) جاری کرتا۔
عدالت نے سابق ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور دیگر ذمہ داروں کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کا بھی حکم دیا ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ سابق نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے غیر قانونی عمارت کا افتتاح کر کے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔ غیر قانونی عمارت میں ملوث افراد کے خلاف مس کنڈکٹ اور فوجداری کارروائی کی جائے۔
عدالت نے کہا کہ ملک میں پاکستان فوج کا اہم اسٹیٹس ہے جس کا مینڈیٹ آئین میں بتایا گیا ہے۔ جائیداد کی خرید و فروخت کے کاروبار کے لیے قومی ادارے کا نام استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ پاکستان نیوی نے نیشنل پارک ایریا پر تجاوز کیا اور سیلنگ کلب غیر قانونی ہے جسے تین ہفتوں میں منہدم کیا جائے۔
یاد رہے کہ نیوی سیلنگ کلب کی منظوری 1991 میں اُس وقت کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے دی تھی۔ 1992 سے یہ کلب روال ڈیم پر قائم ہے لیکن اب اس کلب میں جدت لائی گئی ہے۔ بیوروکریٹس، تاجروں اور سفارت کاروں کو بھی اس کلب کی ممبر شپ کی پیشکش کی جا چکی ہے۔
گزشتہ برس جولائی میں جب نیوی سیلنگ کلب پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی تو اس موقع پر وائس آف امریکہ نے پاکستان بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کمانڈر راشد سے مؤقف جاننے کی کوشش کی تھی۔
کمانڈر راشد کا کہنا تھا کہ سیلنگ کلب میں غوطہ خوروں کی تربیت ہوتی ہے اور یہ غوطہ خور شمالی علاقہ جات اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ریسکیو آپریشن میں حصہ لیتے ہیں کیوں کہ ملک کے شمال میں اس طرح کی یہ واحد سہولت ہے۔













