افغانستان میں طالبان کی حکومت نے طالبات کو 12 ویں جماعت کے امتحان میں بیٹھنے کی اجازت دے دی ہے۔ تاہم گزشتہ ڈیڑھ برس سے اسکولز سے دُور طالبات نے اس فیصلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد ساتویں سے بارہویں جماعت تک کی طالبات کے اسکول جانے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔
خبر رساں ادارے’ایسوسی ایٹڈ پریس’ کو طالبان کی وزارتِ تعلیم کی جانب سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق اس فیصلے کا اطلاق افغانستان کے 34 میں سے 31 اضلاع پر ہو گا، جہاں رواں ماہ کے اختتام پر سردیوں کی چھٹیوں کا آغاز ہو جاتا ہے۔
کابل میں محکمۂ تعلیم کے سربراہ احسان اللہ نے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کو بتایا کہ یہ امتحانات بدھ کو ہوں گے، تاہم اُنہوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان امتحانات میں کتنی طالبات شریک ہوں گی۔
طالبان حکومت کے وزیرِ تعلیم حبیب اللہ آغا کی دستخط شدہ دستاویز کے مطابق قندھار، ہلمند اور نمروز کے سوا ملک کے دیگر 31 صوبوں میں یہ امتحانات ہوں گے۔ ان تین صوبوں میں یہ امتحان تعلیمی سال کے ٹائم ٹیبل میں فرق کی وجہ سے بعد میں ہو گا۔













