ایران کی جانب سے پیش کیے گئے امن منصوبے سے متعلق نئی تفصیلات سامنے آگئیں

0
1138

ایران کی جانب سے پاکستان کے ذریعے امریکا کو بھیجے گئے تازہ امن منصوبے کی مزید تفصیلات سامنے آ گئیں۔

عرب میڈیا کے مطابق منصوبے میں 30 دن کے اندر جنگ بندی کو مکمل امن میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے پیش کیا گیا منصوبہ 3 مراحل پر مشتمل ہے اور اس کا مقصد خطے میں کشیدگی کا خاتمہ اور مستقل امن کا قیام ہے۔

منصوبے میں عدم جارحیت کا عہد شامل ہے جس میں اسرائیل کو بھی شامل کرنے کی بات کی گئی ہے تاکہ مشرق وسطیٰ میں دوبارہ جنگ کا امکان ختم کیا جا سکے۔

منصوبے کے مطابق پہلے مرحلے میں آبنائے ہرمز کو بتدریج کھولنے اور ایرانی بندرگاہوں کی امریکی ناکا بندی ختم کرنے کی تجویز شامل ہے جبکہ سمندر سے بارودی سرنگیں ہٹانے کا کام ایران خود کرے گا۔

دوسرے مرحلے میں ایران کو ’زیرو اسٹوریج اصول‘ کے تحت 3.6 فیصد تک یورینیم افزودگی بحال کرنے کی اجازت دینے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ امریکا اور اسرائیل ایران اور اس کے اتحادیوں پر حملے نہ کرنے جبکہ ایران کی جانب سے بھی حملے نہ کرنے کی شرط شامل ہے۔

منصوبے میں ایران کے جوہری ڈھانچے کو ختم کرنے یا تنصیبات کو تباہ کرنے کی تجویز کو مسترد کیا گیا ہے جبکہ پابندیوں میں نرمی کے تحت منجمد فنڈز کی مرحلہ وار بحالی شامل ہے۔

تیسرے مرحلے میں ایران نے عرب ممالک کے ساتھ اسٹریٹجک مکالمے کے آغاز اور پورے مشرق وسطیٰ پر مشتمل ایک مشترکہ سکیورٹی نظام کی تشکیل کی تجویز دی ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY