غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس نے چار یرغمال خواتین اسرائیلی فوجیوں کو رہا کر دیا ہے جس کے بدلےاسرائیل نے بھی ہفتے کو 200 فلسطینی قیدیوں کو آزاد کر دیا ہے۔
ہفتے کو غزہ سٹی میں حماس کی جانب سے چاروں خواتین کو انٹرنیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر حماس کے درجنوں مسلح عسکریت پسند اور فلسطینیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
یرغمال اسرائیلی خواتین کو ریڈ کراس کے حوالے کرنے سے قبل اسٹیج پر کھڑاکرکے تصاویر بھی بنائی گئیں۔بعدازاں انہیں اسرائیلی ڈیفنس فورسز (آئی ڈی ایف) کے حوالے کیا گیا۔
رہائی پانے والی خواتین میں 20 سالہ کرینا ایریف، 20 سالہ دانیلا گلبوا، 20 سالہ ناما لیوی اور 19 سالہ لری الباگ شامل ہیں۔
یرغمالوں کی رہائی کے موقع پر اسرائیل کے شہر تل ابیب میں یرغمالوں کے رشتے دار اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو بڑی اسکرین پر یرغمالوں کی رہائی کی براہِ راست کوریج دیکھ رہے تھے۔
چاروں خواتین یرغمالوں کی رہائی کے بدلے اسرائیل نے بھی 200فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے جن میں سے بیشتر مہلک حملوں کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے تھے۔
حماس کا کہنا ہے کہ رہائی پانے والوں میں فلسطینی عسکریت پسند تنظیم اسلامک جہاد، حماس اور پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین (پی ایل ایل پی) کے ارکان بھی شامل ہیں۔













