سعودی نائب ولی عہد صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے واشنگٹن روانہ

0
257

سعودی عرب کے نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دوسرے اعلیٰ عہدہ داروں سے ملاقات کے لیے سوموار کے روز دارالحکومت الریاض سے واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔
شہزادہ سلمان ٹرمپ انتظامیہ کے عہدہ داروں سے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی اور عالمی امور اور تنازعات کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔

سعودی نائب ولی عہد ،وزیردفاع اور نائب وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان ایسے وقت میں واشنگٹن روانہ ہوئے ہیں جب امریکا نے یمن میں جنگجو تنظیم ’’جزیرہ نما عرب میں القاعدہ‘‘ کے خلاف اپنے فوجی مشن کو بڑھا دیا ہے۔بعض اطلاعات کے مطابق وائٹ ہاؤس اس بات کا تعیّن کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ سعودی نائب ولی عہد سے کون کون عہدہ دار ملاقات کرے گا۔
ٹرمپ انتظامیہ یمن میں جاری جنگ سے متعلق اپنی حکمت عملی پر نظرثانی کررہی ہے اور وہ جنگ زدہ ملک میں ایران کی مداخلت کے خاتمے کے لیے ایک سخت حکمت عملی اپنانے پر غور کررہی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قبل ازیں یمن میں القاعدہ کی شاخ کے خلاف ایک الگ فوجی مہم کو توسیع دینے کی حمایت کرچکے ہیں۔اس وقت امریکا کے بغیر پائیلٹ جاسوس طیارے یمن میں القاعدہ کے ٹھکانوں پر میزائل حملے کررہے ہیں اور گذشتہ ماہ امریکی کمانڈوز نے اس جنگجو گروپ سے وابستہ افراد کے خلاف ایک یمنی گاؤں میں چھاپا مار کارروائی کی تھی۔
یادرہے کہ سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان سے گذشتہ ماہ الریاض میں امریکا کی ری پبلکن پارٹی کے سرکردہ سینیٹر جان مکین نے ملاقات کی تھی۔انھوں نے امریکا اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا تھا اور انھیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

SHARE

LEAVE A REPLY