چار سو اناسی ارب روپے کرپشن کے دو کیسز میں ڈاکٹر عاصم کی ضمانت سندھ ہائی کورٹ نے منظور کرلی۔ چیف جسٹس نے دو ججوں کے اختلافی فیصلے پر معاملہ ریفری جج کو بھجوایا تھا۔ جسٹس آفتاب نے میڈیکل گراؤنڈ پرضمانت منظور کرلی۔
کراچی پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق مشیر پٹرولیم اور آصف علی زرداری کے دست راست ڈاکٹر عاصم حسین کی سندھ ہائی کورٹ نے دو ریفرنسز میں ضمانت دے دی ہے۔
ڈاکٹر عاصم حسین کو کرپشن کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا اور وہ طویل مدت سے زیر حراست تھے، ڈاکٹر عاصم حسین کے وکیل نے متعدد بار عدالت میں استدعا بھی کی تھی کہ ان کے موکل کی جسمانی حالت ٹھیک نہیں ہے اس لئے ان کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ ان کا علاج کروایا جا سکے۔
ڈاکٹر عاصم حسین پر 479 ارب روپے کی کرپشن کے دو ریفرنسز دائر تھے، ڈاکٹر عاصم پر اپنے اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا، جس میں ان کی ضمانت ہوچکی تھی۔ ریفری جج جسٹس آفتاب گورڑ نے دلائل سننے کے بعد ڈاکٹر عاصم کی ضمانت منظور کی۔
عدالت کی جانب سے ڈاکٹر عاصم کو پچیس پچیس لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق مشیر پٹرولیم کو کرپشن کے مختلف کیسز اور اپنے اسپتال میں دہشت گردوں کا علاج کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا













