امریکا میں تعینات پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی کے امریکی اخبار میں شائع ہونے والے مضمون پر پاک فوج کا موقف بھی سامنے آگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ سفارتی ویزوں کے اجراء کے حوالے سے حسین حقانی کے بیانات سے ‘پاکستان کے ریاستی اداروں کے موقف کی تصدیق ہوتی ہے’۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ ‘ویزا اجرا کے پورے معاملے میں حسین حقانی کے کردار کے حوالے سے خدشات کی بھی تصدیق ہوئی’۔

یاد رہے کہ مارچ کے مہینے میں امریکی اخبار میں حسین حقانی کا ایک مضمون منظر عام پر آیا تھا جس میں حسین حقانی نے دعویٰ کیا تھا کہ اوباما انتظامیہ سے ان کے ‘روابط’ کی وجہ سے ہی امریکا القاعدہ رہنما اسامہ بن لادن کو نشانہ بنانے اور ہلاک کرنے میں کامیاب ہوا۔

انہوں نے اپنے مضمون میں امریکیوں کو جاری کیے جانے والے ویزوں کے حوالے سے بھی بات کی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY