عبدالستار ایدھی کی تصویر والے یادگاری سکے کی تقریب رونمائی

0
167

معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی تصویر والے یادگاری سکہ جاری کردیا، اسٹیٹ بینک پاکستان میں تقریب رونمائی ہوئی جس میں فیصل ایدھی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک میں عبدالستار ایدھی مرحوم کی خدمات کے اعتراف میں جاری ہونے والے50 روپے کے یادگاری سکے کی تقریبِ رونمائی منعقد کی گئی، اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا نے یادگاری سکہ عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی کو پیش کیا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے ایدھی مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اب تک 5 مختلف شخصیات کے حوالے سے یادگاری سکے جاری ہوچکے ہیں جن میں قائداعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید شامل ہیں، اب عبدالستار ایدھی کا یادگاری سکہ جاری کیا جارہا ہے، سماجی شعبے سے منسلک ایدھی صاحب پہلی شخصیت ہیں، جنہیں اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک میں جولائی 2016ء میں ایک دعائیہ تقریب ہوئی تھی جس میں اس یادگاری سکّے کا اعلان کیا گیا تھا، وزیراعظم صاحب نے ایدھی صاحب کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک کی سفارش پر یادگاری سکہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایدھی فاؤنڈیشن کی خدمات کا وسیع دائرہ اس بات کا عکاس ہے کہ ایدھی صاحب معاشرے کے ہر طرح کے مسائل پر گہری نظر رکھتے تھے، خدمات مہیا کرنے میں وہ جغرافیائی حدود، رنگ، نسل، قومیت اور مذہب کی تفریق سے بھی بالاتر تھے، ایدھی صاحب کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اُن کا مشن اپنائیں اور خدمتِ خلق کے تمام کاموں میں بھرپور تعاون کریں۔
فیصل ایدھی کہتے ہیں کہ وہ سکے کے اجراء کے حوالے سے اسٹیٹ بینک اور حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے حوالے سے خدمات کے اعتراف میں یہ سکہ جاری کیا، ایدھی صاحب ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں اور انسانیت کے اس مشن کو تاقیامت چلنا چاہئے تاکہ عوام کو فائدہ پہنچ سکے۔

SHARE

LEAVE A REPLY