سندھ ہائی کورٹ نے لیاری گینگ کے سرغنہ عزیر بلوچ کے خلاف کیسز میں بریت کے معاملے پر پراسیکیوشن کی جانب سے دائر درخواستیں مسترد کرتے ہوئے 3 ماہ میں مقدمات نمٹانے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائی کورٹ میں عزیر بلوچ کے مقدمات میں گواہ پیش کرنے کی اجازت نہ ملنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

دورانِ سماعت عدالت نے حکم دیا کہ پراسیکیوشن کی وجہ ٹرائل میں تاخیر پر ملزم کو پریشان نہ کیا جائے، ٹرائل کورٹ میں پراسیکیوشن کے گواہ پیش نہ ہوں تو عدالت سائیڈ کلوز کر سکتی ہے، ملزم کے خلاف پراسیکیوشن کے ٹرائل کے لیے کوئی تیاری نظر نہیں آئی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ 2012ء کا مقدمہ ہے، 11 سال گزر چکے تاحال کیس کا ٹرائل مکمل نہیں ہو سکا، پراسیکیوشن کی درخواست کا مقصد ٹرائل کے لیے تاخیری حربے کا استعمال ہے، پراسیکیوشن کی وجہ سے ٹرائل میں تاخیر کا خمیازہ ملزم کو نہیں بھگتنا چاہیے۔

سماعت کے دوران پراسیکیویشن نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ پراسیکیوشن کا مؤقف سنے بغیر کیسز کا فیصلہ کر رہی ہے، انسدادِ دہشت گردی عدالت نے پراسیکیوشن کا مؤقف سنے بغیر سائڈ کلوز کر دی، جے آئی ٹی رپورٹ پیش کرنے والے گواہان سمیت دیگر گواہ پیش کرنےکی اجازت دی جائے۔

دورانِ سماعت پولیس نے عدالت میں اپنے مؤقف میں کہا کہ عزیر بلوچ سمیت دیگر کے خلاف 5 مقدمات کلری اور کلا کوٹ تھانے میں مقدمات درج ہیں، غیر قانونی اسلحہ، دھماکا خیز مواد، قتل اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

واضح رہے کہ عزیر بلوچ اب تک سنگین نوعیت کے 25 مقدمات میں بری ہو چکا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY