نصیر احمد ناصر

تم فیصلے کی زبان نہیں سمجھ سکتے
نہ اس کا ترجمہ
اپنی مادری
یا من پسند
یا کسی بین الاقوامی زبان میں کروا سکتے ہو

فیصلہ لکھا جا رہا ہے
اَن دیکھے گواہوں کے
بے لفظ بیانات،
نظر نہ آنے والے واقعات
اور گمنام صحافیوں کی بھجوائی گئی
نادیدہ ویڈیوز کی بنیاد پر

تم جانتے ہو
کہ فیصلہ تمھارے حق میں نہیں
لیکن پڑھنے سے قاصر ہو
تم نے تو نوشتہ ء دیوار بھی نہیں پڑھا
اعلیٰ تعلیمی اسناد رکھنے کے باوجود
کبھی اسکول کی شکل تک نہیں دیکھی
اور سن بھی نہیں سکتے
کیونکہ تمھاری سماعت
صرف اپنی مرضی کی زبان سننے کی عادی ہے

اب تم صرف دیکھ سکتے ہو
وقت کو اپنے ہاتھ سے گرتے ہوئے
اور منصف کے قلم کو چلتے ہوئے
فیصلہ لکھا جا رہا ہے
خاموشی کی زبان میں ۔۔۔۔۔۔۔۔!

SHARE

LEAVE A REPLY