فادر اعظم منشا کے سنگ : رحم کے بیج
ثمینہ گلِ وفا
یوں تو ہم ہر روز کسی نہ کسی اذیت کا ذکر سنتے ہی رہتے ہیں۔ ان باتوں سے جہاں دل خون کے آنسو روتا ہے تو وہی پہ دل سے دُعا بھی نکلتی ہے کہ کب یہ اندھیری رات ختم ہوگئی۔ اس اندھیری رات میں قابل احترام فادر اعظم ویانی منشا (یودیس کاہن) جیسی شخصیت شمع کا کام کرتی ہے۔
موصوف ایک ایسی شخصیت ہیں کہ جنہوں نے راہبانہ زندگی کا انتخاب کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کو اپنا اولین فرض بنالیا ہے۔ ان کی پُروقار شخصیت اور انسان دوستی ان کی راہبانہ طرز زندگی کا آئینہ ہے جس میں وہ مذہب سے بالاتر ہوکر بچوں کی تعلیم، خاندانوں کی فلاح و بہبود، بیماروں کی تیمارداری کے لئے فلاحی کاموں کو فروغ دیتے ہیں۔
کاتھولک کاہن فادر اعظم منشا کے ساتھ عزت و احترام کا یہ سلسلہ ناچیز کی ایک ملاقات امریکہ میں ایک کانفرنس سے ہوا جہاں وہ ایک لیکچر کے لئے خصوصی طور پر مدعو کئے گئے تھے۔ یہ انٹرویو اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جس کو چند ایک الفاظ میں بیان کرنے کی سعی کررہی ہوں۔
فادر اعظم، کراچی کے علاقہ کلفٹن میں منشا شریف مسیح اور ثریا بی بی کے گھر پیدا ہوئے۔ یہ گھرانے اپنی سادگی، مہمان نوازی اور مذہبی و سماجی اقدار کے لئے اپنی پہچان رکھتا ہے۔ اس گھرانے میں پیدا ہونے والے فادر منشا، آج بین الاقوامی سطح پر مذہبی تعلیم و تحقیق کے میدان میں اپنی پہچان بنا چکے ہیں۔
انہوں نے پاپائی یونیورسٹی اربانیانا، روم سے علمِ فلسفہ، میلبورن سکول آف ڈیونیٹی، آسٹریلیا سے علم الہیات ، فلپائن کے شہر منیلا کی جیزوٹ یونیورسٹی سے اقدس صحائف میں تحقیقی مقالہ کی اعلیٰ ڈگری کے بعداب امریکہ کے شہر شکاگو،الینوائے میں قائم پاپائی یونیورسٹی سینٹ میری آف دا لیک میں ڈاکٹریٹ کے لئے زیر تعلیم ہیں۔ آپ کا تعلق کاتھولک کاہنوں کی جماعت جیزز اینڈ میری (یودیس فادرز) سے ہے ۔ ان کی گرانقدر خدمات کی ایک جھلک یہاں پیش کررہی ہوں۔
تعلیم و تدریس کے ساتھ ساتھ فادرمنشا کی انسان دوستی قابل ذکر ہے۔ انہوں نے کئی ایک فلاحی منصوبے شروع کئے جن میں کرونا کے دوران فلپائن میں ۔یودیس فوڈ بینک۔ کا آغاز کیا۔ یہ فوڈ بینک ہر ہفتہ تقریبا دو سو کے قریب خاندانوں کو راشن فراہم کرتا تھا۔
کیفلفوریا کے شہر سینٹ ڈائیگو منتقلی کے بعد یہاں پر بھی موصوف نے سینٹ پیٹرک فوڈ بینک کی بنیاد رکھی جس میں ہفتہ وار تقریباً سو کے قریب خاندان استفادہ کررہے ہیں۔
سینٹ جان یودیس ہوم سکولز، اپنی طرز کا یہ منفرد سکول کراچی، ملتان، اور شیخوپورہ میں تعلیم کے زیور سے پانچ سو ساٹھ بچوں کو مفت تعلیم دے رہا ہے۔ ہر سکول میں تیس بچے کو تعلیم دی جاتی ہے اور اگر بچوں کی تعداد زیادہ ہوجائے تو پھر ایک نیا ہوم سکول قائم کیا جاتا ہے تاکہ ہر بچے پر توجہ دی جائے تاکہ وہ مکمل طور پر تعلیم حاصل کرسکیں۔

شوز وید یودیس، سال میں کم از کم ایک مرتبہ بچوں میں نئے شوز کی تقسیم کی جاتی ہے۔ رواں سال (2025) میں تقریبا چار ہزار شوز کراچی، ملتان، لاہور اور شیخوپورہ میں تقسیم کئے گئے۔ ان شوز کے تقسیم کے دوران بچوں کے چہروں پر رونق اور مسکراہٹ کو یہاں الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔
آئی ڈزایر مرسی، ’’میں رحم پسند کرتا‘‘ کا پروگرام بیواؤں کو راشن فراہم کرنے کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔ سال کے دوران کئی ایک بیواؤں کو مہینہ وار راشن فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنے خاندانوں کی کفالت میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اس کے علاوہ بیواؤں کو ہنرمند بنانے کے لئے راہنمائی کی جاتی ہے تاکہ وہ سماج میں اپنی پہچان بناسکیں ۔
اس کے علاوہ کئی ایک خاندانوں کی فلاح ، کالج کے بچوں کی تعلیمی میدان میں مدد اور دیگر کئی ایک فلاحی کاموں کو فادر منشا خندہ پیشانی سے سرانجام دیتے ہیں۔













