امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی کو ان کو برطرف کرنے سے پہلے یہ مشورہ دیا تھا کہ وہ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے سابق مشیر مائیکل فلن کے خلاف تحقیقات روک دیں۔
تب امریکا کا وفاقی تحقیقاتی ادارہ ایف بی آئی جیمز کومی کی سربراہی میں اس بارے میں چھان بین کر رہا تھا کہ آیا ٹرمپ کی انتخابی مہم کے اعلیٰ عہدیدار روس کے ساتھ رابطوں میں تھے۔ نیو یارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ اسی پس منظر میں امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایف بی آئی کے سربراہ جیمز کومی کو ان کے عہدے سے برطرف کیا تھا۔
اسی دوران امریکی صدر نے روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کے ساتھ دس مئی کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی اپنی ایک ملاقات میں مبینہ طور پر انہیں خفیہ معلومات مہیا کرنے سے متعلق اپنے فیصلے کا دفاع بھی کیا ہے۔













