جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے انقرہ حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ ترکی میں تعینات جرمن فوجیوں کو واپس بھی بلایا جا سکتا ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے برسلز منعقدہ اجلاس سے قبل میرکل نے کہا کہ اگر ملکی پارلیمنٹ کے اراکین کو ترک فوجی اڈے انجرلیک میں جرمن فوجیوں سے ملنے نہیں دیا گیا تو فوجیوں کو واپس بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

نیٹو اجلاس میں ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن بھی شریک ہیں۔ ترک حکومت نے دو طرفہ تعلقات میں سرد مہری پیدا ہونے کے بعد انجرلیک کے فوجی ہوائی اڈے تک جرمن اراکینِ پارلیمان کی رسائی کو محدود کر دیا ہے۔ اس ہوائی اڈے پر 260 جرمن فوجی متعین ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY