آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں انگلینڈ نے جو روٹ اور جوز بٹلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو فتح کیلئے 311 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کارڈف میں کھیلے جا رہے گروپ اے کے اہم میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

اوپنرز نے انگلینڈ کو 37 رنز کا آغاز فراہم کیا ہی تھا کہ جیسن رائے 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد گزشتہ میچ کے مین آف دی میچ جو روٹ کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے ہیلز کے ساتھ مل کر مجموعے کو 118 تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر انگلینڈ کو یکے بعد دیگرے دو نقصان اٹھانے پڑے اور 56 رنز بنانے والے ہیلز کے بعد مورگن بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔

روٹ نے اپنی پیش قدمی جاری رکھی اور بین اسٹوکس کے ساتھ مل کر اسکور کو 188 تک پہنچا دیا، وہ 64 رنز بنانے کے بعد کوری اینڈرسن کی گیند پر اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔

اس دوران انگلش ٹیم وقفے وقفے سے وکٹیں گنوا شروع ہو گئی اور بین اسٹوکس 48، معین علی 12، عادل رشید 12 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے۔

آگے پیچھے وکٹیں گرنے سے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدیں ماند پڑتی نظر آنے لگیں لیکن جوز بٹلر نے اختتامی اوورز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 300 کا ہندسہ پار کرایا۔

انگلینڈ کی پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 310 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، بٹلر 61 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کوری اینڈرسن اور ایڈم ملنے نے تین تین جبکہ ٹم ساؤدھی نے دو وکٹیں لیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY