وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سندھ کو جان بوجھ کر بجلی نہیں دی جارہی۔ اس سلسلے میں وفاقی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔
خیرپور میں سندھ کے مشہور صوفی بزرگ اور شاعرسچل سرمست کے 196 عرس کی تین روزہ تقریبات کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان پیپلزپارٹی کو کبھی نہیں ہراسکتے۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں بیس بیس گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے جو وفاق کی نااہلی کا ثبوت ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کے الیکٹرک ، حیسکو، سیپکو کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ذاتی طور پر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں۔
عرس کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ سچل سرمست کا سالانہ عرس تین روز تک جاری رہے گا اس موقع پر ادبی کانفرنس ،محفل مشاعرہ ،سگھڑ کانفرنس ،محفل موسیقی اور دیگر تقاریب بھی منعقد ہوں گی












