رمضان المبارک کا دوسرا عشرہ شروع ہو چکا ہے

0
432

حدیث شریف میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ا نے ارشاد فرمایا رمضان ایسا مہینہ ہے جس کا اول رحمت ہے ، اس کے درمیان میں بخشش ہے اور اس کے آخر میں آگ سے آزادی ہے.

روزہ ایسی عبادت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق زندگی کے ان تمام مراحل میں کار آمد ثابت ہوتا ہے ۔ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت کا ہے جو زندگی کے خصوصاً پہلے مرحلے میں اشد ضروری ہے ۔

دوسرا عشرہ مغفرت کا ہے جو زندگی کے دوسرے مرحلے کے لئے کار آمد ہے کہ اس کی وجہ سے قبر میں راحت ملے گی اور تیسرا عشرہ جہنم سے آزادی کا ہے جو زندگی کے تیسرے مرحلے میں کار آمد ہے ۔

تو گویا جس نے رمضان کے پورے ماہ کے روزے رکھے اسے زندگی کے تمام مراحل میں راحت و سکون میسر آئے گا۔

بابا (صفدر ہمدانی ) نے مجھے اپنا تازہ ترین کلام عطا کیا ہے .. جو انہوں نے ابھی ابھی لکھا اور مجھے یہ سعادت ملی کہ آپ تک پہنچا پائی .. .. میرے آقا اسے اپنی جناب میں قبول فرمائیں ..آمین

تاج نہ تخت نہ سلطنت چاہیئے
تیرے دستِ مبارک کی چھت چاہیئے

مجھ کو درکار کچھ بھی نہیں ہے حضور
آپکے در سے اک منقبت چاہیئے

جس میں ہر سانس جیسے ہو اک امتحاں
ایسی دنیا سے کیا منفعت چاہیئے

جو ترے نامِ نامی سے منسوب ہو
میرے افکار کو وہ صفت چاہیئے

کب ہے جنت کی لالچ مجھے سچ کہوں
تیرے عشاق کی عاقبت چاہیئے

جو بصیری کو مولا نصیب ہو گئی
ہم فقیروں کو وہ معرفت چاہیئے

چار جانب جو سیلاب کی آگ ہے
تیرے بندوں کو بس عافیت چاہیے

سچ کہیں ایسی دنیا سے بیزار ہیں
ہم کو دنیا نہیں آخرت چاہیئے

اور کچھ بھی نہیں چاہیئے ہے ہمیں
میرے آقا تری مغفرت چاہیئے

اقتدار و حکومت کی خاطر جو ہو
ایسی توصیف سے معذرت چاہیئے

عشقِ آلِ محمد کی حد کیا کہوں
ہاں پرَت در پرَت در پرَت چاہیئے

خواب میں کوئی چادر عطا ہو مجھے
نعت لکھنے پہ وہ منزلت چاہیئے

جاہ و حمشت سے صفدر غرض ہی نہیں
ان کے دربار میں اہمیت چاہیئے
(صفدر ہمدانی )

عالمی اخبار بلاگ

SHARE

LEAVE A REPLY