وفاقی حکومت نے سابق سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن طارق باجوہ کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کردیا ہے، طارق باجوہ کی گورنر اسٹیٹ بینک تقرری کا نوٹیفیکشن جاری کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ کی جانب سے کئے گئے اعلان پر عمل ہوگیا ہے اور وفاقی حکومت نے سابق سیکرٹری خزانہ اور سابق چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کردیا ہے۔صدر ممنون حسین نے ان کی تقرری کی منظوری دےدی ہے جبکہ ان کی تعیناتی کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کل سابق سیکریڑی خزانہ طارق باجوہ اور ڈاکٹر وقار مسعود کے نام فائنل کرکے منظوری کے لیے وزیراعظم نواز شریف کو ارسال کئے گئے تھے۔ ان دونوں ناموں میں سے طارق باجوہ مضبوط امیدوار تھے، وہ سابق سیکریٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر بھی رہ چکے ہیں اس کے علاوہ وہ اسحاق ڈار کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے ایک بھائی آصف باجوہ محکمہ شماریات کے سربراہ ہیں جبکہ ایک اور بھائی ارشد باجوہ رورل سپورٹ پروگرام کے سربراہ ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین اور پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ سابق سیکریٹری خزانہ کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرکے بینک کو کنٹرول کرنے کی کوشش کررہی ہے،سابق سیکرٹری خزانہ کی تعیناتی سے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری متاثر ہوگی، عالمی ادارے بھی مرکزی بینک میں آزاد گورنر تعینات کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، سابق سیکریٹری خزانہ کی تعیناتی مفادات کا تصادم ہے، ماضی میں کسی بھی سول سرونٹ کو گورنر اسٹیٹ بینک تعینات نہیں کیا گیا۔

SHARE

LEAVE A REPLY