کوئٹہ کے علاقے عیسیٰ نگری کے قریب پولیس پارٹی پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی۔
پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی کے دوران 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے عیسی ٰنگری کے قریب پولیس اہلکاروں پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کی ، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری عیسیٰ نگری کی جانب روانہ کردی گئی ۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پولیس نے عیسی ٰنگری کےاطراف کےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا جس کے بعد پولیس کا دہشت گردوں سے باقاعدہ مقابلہ شروع ہو گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک کے بعد ایک کرکے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز مبینہ دہشت گردوں کےمکان میں داخل ہوگئیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ مذکورہ مکان سے 2 کلاشنکوف، ایک پستول اور 5 کلو دھماکا خیز مواد برآمد ہوا ہے، جبکہ دہشت گردوں کے زیر استعمال ایک موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کا پولیس کی دہشت گردوں کےخلاف مذکورہ کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ 3 دہشت گردوں کی ہلاکت پولیس کارکردگی کا ثبوت ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY