امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ انہیں سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کی امید ہے، کل تک خود کو احتساب سے بالاتر سمجھنے والے آج عدالت میں پیش ہورہے ہیں۔

پاناما عملدر آمد کیس کی سماعت سے قبل سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ اسلامی معاشرے میں کوئی بھی احتساب سے بالاترنہیں ، مگر یہاں کسی سے بھی احتساب کا مطالبہ توہین تصور کیا جاتا ہے، احتساب سب کا ہونا چاہیئے، مگر پاکستان وہ واحد ملک ہے جہاں حکمران خود کو احتساب سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ تاریخ کا انوکھا واقعہ ہے سرکار خود ریکارڈ میں تبدیلی کر رہی ہے ۔ جبکہ قطری شہزادے کے خط کا راگ الاپنے والے اپنے گواہ کو ابھی تک پیش نہیں کرسکے ہیں ۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اگر ثبوت پیش کردیئے جاتے تو جے آئی ٹی بنانے کی ضرورت نہ ہوتی، وزیر اعظم جے آئی ٹی میں ثبوت پیش کردیتے تو ان کے ترجمانوں کو چیخ چیخ کر بولنا نہ پڑتا، اب عدالتی کارروائی عوام کے سامنے ہے، ہم انصاف اور سب کا احتساب چاہتے ہیں، انشاء اللہ پاکستان کرپشن سے پاک ہوگا

SHARE

LEAVE A REPLY