لاہور کے علاقے فیروز پور روڈ پر ارفع کریم ٹاور کے قریب خود کش دھماکے سے 26 افراد شہید جبکہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد پولیس اہلکاروں کی ہے جن کی شناخت ہو گئی ہے۔ شہید پولیس والوں میں سب انسپکٹر ریاض، اے ایس آئی فیاض اور 7 کانسٹیبل شامل ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے دنیا نیوز سے گفتگو میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید اہلکار آپریشن کو سیکیورٹی دے رہے تھے اور ناکہ لگانے کیلئے تیاری کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق یہ دھماکا ایک گاڑی کے اندر ہوا جس سے قریب کھڑی متعدد موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ دھماکے سے تباہ ہونے والی گاڑی کا نمبر ایل آر بی 9308 تھا جو گوجرانوالہ کے امتیاز احمد کے نام پر رجسٹرڈ تھی۔ ادھر کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے خود کش دھماکے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مبینہ حملہ آور کی تصویر جاری کر دی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق یہ گاڑی ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتی ہوئی آئی اور سامنے سے آنے والی ایک موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ ٹکرانے کے فوری بعد گاڑی میں دھماکا ہو گیا جس سے موٹر سائیکل پر سوار ایک مرد، خاتون اور موقع پر موجود پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی جگہ پر 20 سے 25 افراد موجود تھے۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں اور ایمبیولینسوں کے ذریعے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض افراد کی حالت نازک ہے، جنھیں بھرپور طبی امداد دی جا رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں 50 سے زائد زخمیوں کو منتقل کیا گیا ہے۔













