بلند اقبال ایم بی بی ایس ڈاکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ادیب بھی ہیں۔۔ یعنی یہ جسم اور روح دونوں کے معالج
ہیں۔ آج ان کے اس ناول پہ بات کرتے ہیں
عصر حاضر کا یہ ناول اپنے اندر مکمل جدیدیت لیے ہے۔
اس ناول کو آپ ایک دفعہ پڑھنے بیٹھیں تو پرت در پرت اس کی خوبیاں آپ پر عیاں ہوتی چلی جائیں گی
اور آپ ایک نشست میں اسے ختم کئے بنا نہیں رکنا چاہیں گے۔ ناول غیر ضروری رومانس اور ثقافت کی
اندھا دھند نمائش کرنے کی بجائے کرداروں اور ان کی کہانیوں کو عالمگیریت کا ایک حصہ بنا کے پیش
کرتا ہے۔
اس ناول کے انتساب نے مجھے اس کتاب کو پڑھنے پہ مجبور کیا
رنگ، نسل، مذہب اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانوں سے پیار کرنے والوں کے نام
ناول کی کہانی تین مرکزی کرداروں کے گرد گھومتی ہے جس میں ایک نوجوان کردار اپنی ماں کی ڈائری
سے ملنے والی دو پالش افراد کی تصاویر کے ذریعے اپنے باپ کی تلاش میں ہے۔ کہنے کو یہ ایک سادہ
سی کہانی لگے گی مگر اس کا غیر متوقع اختتام آپ کو داد دینے پہ مجبور کرے گا۔۔۔۔
یہ کہانی تین ملکوں کی تاریخ کی کہانی ہے جو ایک طرف تو ہجرت کرنے والوں کے پردیس میں دکھ اور
مشکلات کا احاطہ کرتی ہے تو دوسری طرف بہت خوبصورتی سے تاریخ کے کالے صفحات پر لکھے
نفرت اور آگ کی جنگ میں پھنسے بنی نوع انسانوں کے ازلی اور سانجھے دکھوں کو سمیٹتی دکھائی دیتی
ہے۔ چاہے وہ نازیوں کے یہودیوں پر مظالم ہوں، سقوط ڈھاکہ کے رسنے والے ناسور ہوں یا کشمیر کو
بندر بانٹ سمجھ کے اپنا اپنا حصہ وصول کرنے والی طاقتیں ہوں۔ ظلم اور نفرت کی چکی کے پاٹوں میں
پسنے والے انسان کبھی سمجھ ہی نہیں پاتے کہ ان کی ڈور کون، کب اور کیوں ہلا رہا ہے۔
کردار نگاری بہت اس ناول کا اہم پہلو ہے۔ تین بنیادی کردار خواتین کے ہیں۔کتاب کھلتے ہی یہ خودبخود
اپنا تعارف کرواتے چلے جاتے ہیں۔ ایک پالش، ایک بنگلہ دیشی اور ایک پاکستانی اپنے اپنے سوالات اور
کھوئی ہوئی شناخت( جیسا کہ کتاب کا ٹائٹل ظاہر کرتا ہے) کو جاننے کی تگ و دو میں ہیں۔ ان کے مقابل
تین مرد کردار ہیں جو اس تلاش کا حصہ ہیں۔
ماضی کے ناقابل تلافی جرائم کے زیر اثر کرداروں میں مصنف نے فاطمہ اور اسد کے کرداروں کوامید
کی ایک کرن دکھایا ہے۔ یہ کردار مریم، منان، ذوسیہ اور پیٹر کا synthesis محسوس ہوتے ہیں۔ اسی امید
سے کہ آنیوالی نسلیں زندگی کے اصل مفہوم کو سمجھ سکیں، فاطمہ اور اسد ماضی سے سبق سیکھ کر اپنا
مستقبل بہتر انداز میں بنانے کے لئے تیار ہوتے ہیں۔کردار اپنا اور قاری کا کتھارسس ایک ساتھ کرتے
محسوس ہوتے ہیں۔
ناول کی ایک اور خوبصورتی اس کی روانی ہے۔ تمام حالات و واقعات ایک ترتیب لئے ہیں۔تمام کرداروں
کی اپنی اپنی تلاش کو بتدریج پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا ہے۔ یہ کتاب تاریخ اور عصر حاضر کو ایسے ہم
آہنگ کرتی ہے کہ کسی ایک عنصر کو بھی نکال دیں تو ناول ادھورا رہ جائے گا۔اس پہ کمال یہ کہ مصنف
نے انتہائی مہارت سے تاریخ میں روا رکھے گئے گھناؤنے جرائم اور جنگ کی ہولناکیوں کو موجودہ
زمانے کے کرداروں کے ساتھ جوڑا ہے۔ مشرقی یورپ میں نازیوں کے وحشیانہ سلوک کو ذوسیہ کے
کردار کے ذریعے خوب عیاں کیا گیا ہے۔ فاطمہ کی ماں کیساتھ ہونیوالی درندگی کو قاری محسوس کئے بنا
نہیں رہتا۔
اس ناول کے نکھار میں مزید اضافہ کرتی خصوصیت اس کی منظر کشی ہے۔۔۔قاری پڑھ تو کتاب
رہا ہے مگر ہو بہو تصویری نقشہ اس کے ذہن کے ایک کونے میں فلم کی طرح چل رہا ہوتا ہے۔
ناصرف کردار زندہ اور چلتے پھرتے دکھائی دیتے ہیں بلکہ پردہ اٹھتا چلا جاتا ہے اور تاریخ آپ
کے سامنے کھلتی چلی جاتی ہے۔ فاطمہ کی طرح قاری بھی خود کو ذوسیہ کی سرزمین پہ گھیٹوز
کے سامنے کھڑا پاتا ہے۔ذوسیہ اور اس کی ماں کے دکھ ہوں یا فاطمہ اور اسکی ماں کے غم، ہمیں
اپنی آنکھوں دیکھا حال لگتے ہیں۔حتی کے منان کا مختصر سا کردار ہمیں دیوار سے ٹیک لگائے
نادم کھڑا واضع نظر آتا ہے۔ اپ بیک وقت ڈھاکہ لبریشن وارمیوزم، میمن سنگھ ہائی وے روڈ، انٹر
کونٹینٹل ہوٹل،ٹانگیل، عبدالسلام ایونیو،، کراچی کے ریسٹورنٹ، تین ہٹی برج ہو، گورا قبرستان ہو
یا شاہراہ فیصل، سب کو اپنے سامنے بنتے دیکھتے ہیں۔
فاطمہ کے خوابوں کی باریک بینی سے کی گئی منظر کشی اس کی ذہنی الجھن اور تلخ حقیقت کا
بہترین امتزاج لیے کسی فلم کا حصہ معلوم ہوتے ہیں
مرکزی خیال بیک وقت کئی جہتیں لئے ہے۔ مہاجرین کے مسائل کو اجاگر کیا گیا ہے۔جنگ دنیا کے کسی
بھی کونے میں ہو،ایک سا میدان رکھتی ہے۔ سب مظالم، دکھ، تکالیف ایک جیسی ہوتی ہیں۔ چاہے
رنگ،نسل، مذہب، زبان، قومیت مختلف ہی کیوں نہ ہوں۔یہ جنگ کی ہولناکیوں، تباہ کاریوں کے ساتھ ساتھ
ایک تکلیف دہ معاشرتی رویے کو سامنے لاتا ہے یعنی لاقانونیت ،طاقت،جنگ یا کسی بھی طرح کے
کمزور حالات میں ریپ ہونے کو قبول کیا جانا بھی دکھایا گیا ہے جبکہ اسی ریپ کے نتیجے میں پیدا
ہونے والے بچوں، خاص طور پہ بچیوں کو یہ معاشرہ قبول کرنے کو تیار نہیں ہوتا حالانکہ ان معصوم
جانوں کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ ان کی پیدائش کسی درندگی کا نتیجہ ہے یا اخلاقی اقدار کا۔۔
سب سے بڑا اور بنیادی مرکزی خیال اس ناول کی وہ عالمگیر ٹریجڈی ہے جسے ہم نسل کشی کہتے
ہیں۔۔۔جو ایک سوچی سمجھی سکیم کے تحت عمل میں لائی جاتی ہے۔۔انسان دشمنی اور نفرت انفرادی سے
زیادہ اجتماعی نقصان کرتے ہوئے نسلیں ختم کروا دیتی ہے اور نتیجہ مزید نفرت،خوف اور دشمنی کا جنم
لینا ہے۔
اس کتاب کو اس کے مرکزی خیالات، عالمگیر اور انفرادی خصوصیات کے حامل کرداروں، کہانی کے
جامع اور مختصر ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی بہترین تصویر کشی کی بدولت شارٹ فلم کی صورت میں
بھی خوبصورتی سے ڈھالا جائے سکتا ہے۔
سمیرا حمید













