یوم تشکرکےسلسلےمیں پاکستان مونومنٹ پرخصوصی تقریب، شاہینوں کا فلائی پاسٹ

0
953

یوم تشکرکےسلسلےمیں پاکستان مونومنٹ پرخصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف تقریب کےمہمان خصوصی ہیں، مسلح افواج کےچاق وچوبند دستے نے وزیراعظم شہباز شریف سمیت شرکاء کو سلامی پیش کی ۔

تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسزچیفس کے علاوہ وفاقی وزرا اسحاق ڈار، خواجہ آصف،عطا تارڑ سمیت سول وعسکری حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا ، شاہینوں نے فلائی پاسٹ کے ذریعے قوم کے ولولے اور جذبے کو سلام پیش کیا۔

تقریب کے شرکا نے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی جبکہ مختلف تعلیمی اداروں کے بچوں نے شہدا کی یاد میں ملی نغمے پیش کرکے عقیدت کا اظہار کیا، جنہیں شرکا نے خوب سراہا۔

…………………….

بھارتی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح پر ملک بھر میں آج یو م تشکر منایا جا رہا ہے۔

یوم تشکر کے موقع پر پاکستانی عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آج مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائےگا جبکہ وفاقی و صوبائی دارالحکومتوں میں پرچم کشائی کی تقریبات بھی منعقد کی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔

آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنےکے لیے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں ہوں گی اور نماز جمعہ میں بھی پاکستان کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا۔

یوم تشکر کی نمایاں تقریب آج رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی، مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم ہوں گے، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کی جانے والی فوجی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیاروں کو گرایا اور پھر 10 مئی کو اپنی خود مختاری کا دفاع کرتے ہوئے بھارت کو ایسا جواب دیا جسے ناصرف دنیا نے تسلیم کیا بلکہ بھارت میں بھی اس حوالے سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY