وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکریم شہدا پاکستان میں بھرپور شرکت پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے مل کر ایک ریڈ لائن مقرر کی ہے کہ 9 مئی طرز کے واقعات ناقابل برداشت ہیں۔
ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن پوری قوم کی طرف سے ہمارے شہدا اور غازیوں کے لیے اظہار تشکر کی تقریبات تھیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے مل کر ایک ریڈ لائن طے کی کہ 9 مئی طرز کا رویہ ناقابل برداشت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں اور ہیروز کی عزت اور وقار کو برقرار رکھتی ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کی سب سے بڑی قربانی پیش کی تاکہ ملک کے عوام امن سے رہ سکیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم سے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے ملاقات کی۔وزیرِ مملکت نے وزیرِ اعظم کو آئندہ بجٹ پر پیش رفت، عوامی ریلیف اور ملکی مجموعی اقتصادی صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں عوامی ریلیف کیلئے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں،ملکی معیشت کو مشکل حالات سے استحکام کی طرف لے کر آئے،تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔












