جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے جو روٹ اور بین اسٹوکس کی نصف سنچریوں کی مدد سے چھ وکٹ کے نقصان پر 260 رنز بنا لیے ہیں۔

اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے کپتا جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرز ایلسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا۔

جیننگز آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے جنہوں نے 17 رنز بنائے لیکن اس کے بعد ایلسٹر کک کا ساتھ نبھانے ٹام ویسٹ لے آئے اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو 92 رنز تک پہنچایا لیکن پھر اسی اسکور پر یکے بعد دیگرے دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

92 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور ڈیوڈ ملان نے چوتھی وکٹ کیلئے 52 رنز جوڑے لیکن اس سے قبل کہ یہ شراک مزید خطرناک ثابت ہوتی، مورنے مورکل نے ملان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

جو روٹ اچھی فارم میں نظر آئے اور نصف سنچری اسکور کی تاہم 52 کے انفرادی اسکور پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار پائے۔

اس کے بعد بین اسٹوکس اور بیئراسٹو وکٹ پر یکجا ہوئے اور ٹیم کو بغیر کسی نقصان کے تقریباً دن کے اختتام تک پہنچا لیکن کھیل ختم ہونے سے کچھ دیر ربادا نے اسٹوکس کی وکٹیں بکھیر کر انگلینڈ کو چھٹا نقصان پہنچایا، انہوں نے 58 رنز بنائے۔

جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز بنائے تھے، جنوبی افریقہ کی جانب سے ربادا اور اولیویئر نے دو، دو وکٹیں لیں۔

یاد رہے کہ چار میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 2-1 کی برتری حاصل ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY