پیرس: فوجی اہلکاروں کو گاڑی سے کچلنے کی کوشش

0
149

فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایک نواحی علاقے میں ایک گاڑی کی ٹکر سے چھ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔

واقعہ بدھ کو پیرس کے شمال مغربی حصے میں پیش آیا جہاں ایک بی ایم ڈبلیو میں سوار شخص فوجیوں کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور نے جان بوجھ کر فوجی اہلکاروں کو نشانہ بنایا جو عینی شاہدین کے مطابق فوجی بیرک کے باہر کافی دیر سے اہلکاروں کا انتظار کررہا تھا۔

عینی شاہدین نے پولیس اہلکاروں کو بتایا ہے کہ بی ایم ڈبلیو میں سوار ڈرائیور نے فوجیوں کی رہائشی بیرک سے نکلنے والے ان اہلکاروں پر اپنی گاڑی چڑھادی جو اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لیے گاڑی میں سوار ہورہے تھے۔

واقعے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس حکام علاقے میں نصب کیمروں کی مدد سے ملزم کو شناخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حملے کا نشانہ بننے والے چار فوجی اہلکاروں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جب کہ دو زیادہ زخمی اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے۔

زخمی اہلکاروں کا تعلق ‘آپریشن سنٹینل’ میں شریک فرانسیسی فوج کی 35 ویں انفنٹری رجمنٹ سے ہے۔

مذکورہ آپریشن 2015ء میں فرانس میں مسلمان شدت پسندوں کے کئی بڑے حملوں کے بعد شروع کیا گیا تھا جس میں شامل فوجی اہلکار فرانس کے معروف مقامات اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY