پاکستان کرکٹ ٹیم سے مقابلے کے لئے ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی آمد شروع ہوگئی،

آسٹریلوی کرکٹر بین کٹنگ اور سری لنکن آل رائونڈر تھیسارا پریرا دبئی پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ورلڈ الیون کے تمام کھلاڑی 9 ستمبر کو دبئی پہنچ جائیں گے، 10 ستمبر کو کوچ اینڈی فلاور کی زیر نگرانی دبئی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ ہوگا۔

شیڈول کے مطابق دو روزہ قیام دبئی کے بعد 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون ٹیم 11ستمبر کو لاہور پہنچے گی، جہاں پاکستان ٹیم سے 12 ،13 اور 15 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم میں میچز ہوں گے۔

بین کٹنگ نے دبئی پہنچنے پر پاکستانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’سلام پاکستان ‘ دبئی میں ٹریننگ سیشن کے بعد جلد پاکستان آرہا ہوں، شائقین تیار ہوجائیں ان سے جلد ملاقات ہوگی‘۔

تھیسارا پریرا نے دبئی پہنچتے ہی اپنے پیغام میں کہا کہ ’ ورلڈ الیون ٹیم کا حصہ بننے پر خوش اور پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لئے پرجوش ہوں ‘

ورلڈ الیون کے 14 میں سے صرف 3 کھلاڑی ایسے ہیں، جو اس سے قبل بھی پاکستان کی سرزمین پر انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکے ہیں، ان میں جنوبی افریقہ کے ہاشم آملا، انگلینڈ کے پال کالنگ وڈ اور بنگلہ دیش کے تمیم اقبال شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کے فاف ڈپلوسی کی قیادت میں کھیلنے والےورلڈ الیون کے دیگر کھلاڑیوں میں سیموئل بدری، جارج بیلی، گرانٹ ایلوئٹ، ڈیوڈ ملر ، مورنے مورکل، ٹم پین، ڈیرن سیمی اور عمران طاہر شامل ہیں

SHARE

LEAVE A REPLY