امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی دھمکی کے بعد پیونگ یانگ کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ شمالی کوریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہُو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اس دھمکی کے بارے میں کہا ہے کہ یہ ’’کتے کے بھونکنے جیسا‘‘ ہے۔
یونگ ہُو کے بقول اگر امریکی صدر یہ سوچتے ہیں کہ اس طرح وہ شمالی کوریا کو خوف زدہ کر دیں گے تو یہ واقعی کسی کتے کا خواب ہو سکتا ہے۔
شمالی کوریائی وزیر خارجہ نے یہ بیان نیو یارک میں دیا، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے پہنچے ہیں۔ ٹرمپ نے منگل کے روز جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں پیونگ یانگ کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر امریکا کو اپنے یا اپنے حلیفوں کے دفاع پر مجبور کیا گیا تو امریکا کے پاس شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہو گا۔













