شہادت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور اہل بیت کی قربانیوں کی یاد میں دنیا کے کئی ممالک میں یوم عاشور عقیدت و احترام سے منایا گیا ہے
حضرت امام حسین ؓ نے میدان کربلا میں اپنے 72رفقاء کے ساتھ جانوں کا نذرانہ پیش کر کے اپنے نانا حضور اکرم ﷺ کے دین کو سربلند کیا، دنیا کے مختلف ممالک میں آج اسی دن کی یاد کو تازہ کیا گیا ہے۔
ایران، عراق، پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک میں یومِ عاشور کے موقع پر جلوس اور نوحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا ، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔
اس حوالے سے مجالس برپا کی گئیں اور عزاداران نے ماتمی جلوس نکالے ، عراق میں یوم عاشور پر ہائی الرٹ جہاں لاکھوں زائرین نجف اور کربلا میں پُرسہ دیا۔
ایران میں بھی یوم عاشور کے جلوس برآمد کیے گئے جبکہ ٹورنٹو اور پیرس میں بھی جلوس اور مجالس کا اہتمام کیا گیا ، اسی طرح امریکا کی ریاست ٹیکساس کے دو بڑے شہروں ہیوسٹن اور ڈیلس کے ڈاؤن ٹاؤن میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کی یاد میں یومِ عاشور کے جلوس برآمد کیے گئے۔
جلوس میں مومن سینڑ، علم سینٹر اور در حسین سے عزادارانِ حسینؓ بشمول خواتین بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، عزاداروں کو تعزیہ، علم اور تابوت کی زیارت بھی کرائی گئی۔
نوحہ خوانوں نے اپنے نوحوں کے ذریعہ سوز و سلام پیش کیا اور صف ماتم میں عزادارن حسینؓ نے شہدائے کربلا کو ماتم اور سینہ کوبی کے ذریعہ ان سے محبت کا اظہار کیا اور پرسہ دیا۔












