مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نیب ریفرنس پر آج احتساب عدالت میں پیش ہوں گے۔
ملزمان کو آج ’ایون فیلڈ پراپرٹیز کیس، عزیزیہ مل ریفرنس اور فلیگ شپ کمپنیز ریفرنس‘ کی نقول فراہم کر کے فردِ جرم کے لیے تاریخ مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔
سکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس بار رینجرز اہلکار نہیں ہوں گے۔
پاکستان روانگی سے قبل مریم نواز نے کہا تھا کہ وہ عدالتوں میں پیش ہو کر نظامِ عدل کو آزمائیں گی۔ دنیا جانتی ہے کہ یہ احتساب نہیں انتقام ہے، نواز شریف کے ن لیگ کا صدر بننے پر وہ لوگ اعتراض کررہے ہیں جن کا ن لیگ سے کوئی تعلق نہیں ۔
سابق وزیراعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر کیپٹن (ر) محمد صفدر پاکستان واپس آرہے ہیں اور وہ آئین و قانون کے احترام میں عدالتوں سامنا کریں گے۔
پاکستان آنے سے قبل لندن میں اپنی رہائش گاہ سے ایئرپورٹ روانگی کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جب کسی کا دامن صاف ہوتا ہے تو وہ عدالتوں سے گھبراتا نہیں ہے اور ہم صرف عدالتوں میں پیش ہونے کے لیے ہی پاکستان واپس جارہے ہیں‘۔
اب تک مریم نواز اور ان کے شوہر کی پاکستان آمد کے حوالے سے کوئی مقررہ وقت نہیں دیا گیا تاہم مسلم لیگ (ن) ذرائع کا کہنا ہے وہ کسی بھی وقت اسلام آباد پہنچ سکتے ہیں اور کل احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔













