وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ عالمی منظر نامہ تبدیل ہونے جا رہا ہے، جو ہتھیار پھینک دے اس سے لڑنا جائز نہیں ہے، جنہوں نے اے پی ایس کے بچوں کو شہید کیا ان کا کیس الگ ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ طالبان سے بات چیت کی ابتداء ہو رہی ہے، ہمیں معلوم ہے کہ کون اچھا ہے اور کون برا ہے، ہماری منصوبہ بندی دو چار سال کی نہیں 20 سال کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسی ہفتے چیئرمین نیب کا فیصلہ بھی ہو جائے گا، پیپلز پارٹی سمجھدار ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر چڑھ گئی ہے، نون لیگ لتر بھی کھائے گی اور سمجھوتہ ایکسپریس پر بھی چڑھے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ہم امریکا اور چین سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ان شاء اللّٰہ مہنگائی پر قابو پا لیں گے، اپوزیشن پر کیسز ہیں، ان سے بات کرنے کی ضرورت نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں ایک سیٹ کا وزیر ہوں، عمران خان میری بات سنتے ہیں، وزیرِ اعظم کو سب سے زیادہ مہنگائی کی فکر ہے، جو ڈیل ہو رہی ہے اس پر فارن آفس بیان دے رہا ہے۔












