وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے امریکا پر ا نحصار کے دن ختم ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ لڑی، دنیا کو اس کا اعتراف کرنا چاہیے، پابندیوں اور رکاوٹوں سے خطے میں توازن خراب ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی فوج کے پاس امریکی اسلحے کے ساتھ ساتھ چینی اور یورپین سسٹم بھی ہے، حال ہی میں پہلی بار روسی جنگی ہیلی کاپٹر حاصل کیے ہیں۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا پاکستان کو ہمسایوں کی جانب سے چینلجز کے علاوہ دہشت گردی کا بھی سامنا ہے، افغانستان کے ایشوز بھی اپنی جگہ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کے ساتھ اب تک کئی جنگیں لڑیں، بھارت نے ہمارے حصے کشمیر پرقبضہ کیا ہوا ہے، معاشی مسائل بھی ساتھ ساتھ ہیں۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ خواہ کچھ بھی ہو انتخابات وقت پرہونگے، امید ہے مسلم لیگ نواز دوبارہ اقتدار سنبھالے گی۔ افغانستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سے زیادہ کوئی بھی افغانستان میں قیام امن کا خواہشمند نہیں۔ وزیراعظم نے پاک امریکا تعلقات کے بارے کہا نائب صدر مائیک پنس کے ساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں پیش رفت ہوئی، انکے جو بھی خدشات ہیں، انہیں ختم کرنے کو تیار ہیں۔












