ذاکر نائیک پر نوجوانوں کو دہشت گردی کے لیے اکسانے کی فرد جرم عائد

0
869

بھارت میں عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف نوجوانوں کو دہشت گردی کے لیے اکسانے کی فرد جرم عائد کر دی گئی۔ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے ) کے حکام نے ممبئی کی ایک عدالت میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے خلاف فرد جرم عائد کی ، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مبینہ طور پر نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے نوجوانوں کو دہشت گردی پر اکسایا اور معاشرے میں مختلف برادریوں کے درمیان اختلافات پیدا کیے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلہ دیش میں ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث افراد نے گرفتاری کے بعد کہا تھا کہ وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تقریروں سے متاثر ہوئے تھے ۔ اس بیان کو جواز بنا کر بھارت کی نیشنل کرائم ایجنسی نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو غیر قانونی قرار دیکر اس کے اثاثے منجمد کردیئے تھے۔

بھارتی حکومت کے اقدامات کے باعث گزشتہ برس جولائی میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے بھارت چھوڑ کر پہلے سعودی عرب اور پھر ملائیشیا میں پناہ لی تھی۔ بھارت کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے قریبی ساتھی عامر گز دار کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ دائر کر رکھا ہے جس میں ڈاکٹر ذاکر نائیک بھی شریک ملزم ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY