سری لنکن کرکٹر انجیلو میتھیوز نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
37 سالہ سابق سری لنکن کپتان انجیلو میتھیوز نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اعلان کیا کہ وہ جون میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے۔
میتھیوز، جنہوں نے 2009 میں اپنا ڈیبیو کیا تھا، 17 جون کو گال میں بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا۔
البتہ وہ سری لنکا کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے، حالانکہ انہوں نے گزشتہ جون کے بعد سے کسی محدود اوورز کا انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں میتھیوز نے کہا کہ سری لنکا کے لیے گزشتہ 17 سال کرکٹ کھیلنا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز اور فخر رہا ہے۔ میں نے کرکٹ کو سب کچھ دیا اور کرکٹ نے بدلے میں مجھے سب کچھ دیا اور آج جو کچھ بھی ہوں، کرکٹ کی بدولت ہوں۔












