روس نے بزنس ایسوسی ایٹ جیرڈکشنر کے ذریعے سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیس بک اور ٹوئٹر میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی، اس بات کا انکشاف پیرڈائز پیپرز میں ہوا ہے۔
تحقیقاتی صحافیوں کے بین الاقوامی کنسورشیم (آئی سی آئی جے) کی جانب سے جاری کیے گئے پیراڈائز پیپرز کی دستاویزات میں انکشاف ہوا ہے کہ ٹوئٹر اور فیس بک میں ایک سرمایہ کار کا تعلق روس کی دو سرکاری فرمز سے تھا، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ کرملن کی حساس نوعیت کی سیاسی ڈیلز کروانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق کرملن کی ایک فرم وی ٹی بینک نے ٹوئٹر میں 2011ء میں خاموشی سے 191 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ، ایک اور فرم گیزپروم نے ڈی ایس ٹی گلوبل کے اشتراک سے فیس بک میں بھاری سرمایہ کاری کی۔
تاہم دستاویزات میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بھاری سرمایہ کاری کے باوجود کرملن کے ٹوئٹر یا فیس بک پر اثر و رسوخ حاصل کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔
خیال رہے کہ آئی سی آئی جے کی جانب سے جاری کی گئی، لیکس میں1 کروڑ 34 لاکھ سے زائد دستاویزات سامنے آئی ہیں، پیراڈائز لیکس میں 25 ہزار سے زائد آ کمپنیوں کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ لیکس کا بڑا حصہ کمپنی ایپل بائی کی دستاویزات پر مشتمل ہے۔
یہ دستاویزات سنگاپور اور برمودا کی دو کمپنیوں سے حاصل ہوئیں، پیرا ڈائز پیپرز جرمن اخبار نے حاصل کیے اور آئی سی آئی جے کے ساتھ شیئر کیے۔












