سابق وزیراعظم نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن(ر) صفدرکے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت آج پھر ہوگی۔
نواز شریف نے لیگل ٹیم کی تجویز پر آج احتساب عدالت میں پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
نواز شریف نے احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق خواجہ حارث کی سربراہی میں اپنی لیگل ٹیم سے مشاورت کی، اس دوران عدالت میں پیشی سے متعلق مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کی لیگل ٹیم نے انھیں منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہونے کی تجویز دی، جس پر انہوں نے آج عدالت کے روبرو پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق دیے گئے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف کے احتساب عدالت میں نہ پیش ہونے کا آپشن بھی موجود تھا تاہم لیگل ٹیم نے مستقبل میں استثنی کی درخواست کے لیے مضبوط جواز فراہم ہونے کے باعث پیش ہونے کی تجویز دی جسے نواز شریف نے قبول کیا۔
احتساب عدالت نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم صفدر اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی آج طلب کر رکھا ہے۔












