پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے رہنما وسیم آفتاب کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف نے بہت عرصہ سیاست کی اور صدارت سمیت بڑے عہدے پر رہے، اب انہیں آرام کرنا چاہیے، ان کا اب سیاست میں کوئی کردار نہیں بنتا۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’نیوز وائز‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وسیم آفتاب نے کہا کہ متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے اتحاد کے حوالے سے پی ایس پی کا نظریہ واضح ہے، جبکہ ہماری جانب سے جو بات کی گئی ہے ہم ایمانداری کے ساتھ اس پر قائم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام شہر کے ماحول میں تبدیلی چاہتے ہیں، ماضی میں بہت نقصان ہو چکا ہے اس لیے آگے بڑھنے کے لئے کسی نہ کسی کو ابتداء کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سیاسی بیانیہ تبدیل ہونے جارہا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ہر معاملے کا ایسا باوقار حل نکلے گا جس سے کراچی کے امن میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے صدر مصطفیٰ کمال ایک بڑے مقصد سے نکلے ہیں اور ان کا مقصد اس شہر سے الطاف حسین کی دہشت کے عفریت کا خاتمہ اور بھارتی ایجنسی ’را‘ کی سازشوں کا خاتمہ ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY