ٹی ٹوئنٹی ویمن ایشیا کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انہی دونوں ٹیموں کے درمیان سیمی فائنل 13 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
سری لنکا ویمن ٹیم کی جانب سے دیا گیا 113 رنز کا ہدف پاکستان ٹیم نے 7 بالز پہلے حاصل کرلیا۔
سنسنی خیز میچ کے دوران آخری لمحات میں پاکستان کی عائشہ نسیم نے لگاتار 2 گیندوں پر چھکے لگا کر ٹیم کو جتوایا۔
ندا ڈار 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ عالیہ ریاض نے 20 رنز بنائے۔ عمیمہ سہیل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
کپتان بسمعہ معروف نے کہا کہ عائشہ کسی بھی میچ میں اچھی پرفارمنس کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس سے قبل سری لنکن ویمن ٹیم 18.5 اوورز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی عمیمہ سہیل نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 13 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں طوبیٰ حسن نے دو اور ندا ڈار نے ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا کی چماری اتھاپتھو 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
اوشاڈی راناسنگھے نے 26 ، ہسینی پریرا 18 اور کویشا دلہاری نے 11 رنز بنائے۔
عمیمہ سہیل کا میچ میں ریکارڈ
میچ میں عمیمہ سہیل نے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی جانب سے بہترین بولنگ کا ریکارڈ بنا لیا۔
عمیمہ سہیل نے سری لنکا ویمن ٹیم کے خلاف 13 رنز دیکر 5 وکٹیں حاصل کیں۔
عمیمہ سہیل سے قبل ندار ڈار بھی ٹی ٹوئنٹی میں 5 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔ انہوں نے 2018 کے ایشیا کپ میں سری لنکا کے خلاف 21 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔
ویمن ایشیا کپ کے 21 ویں میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا ٹاس کے موقع پر کہنا تھا کہ ہم پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، ٹورنامنٹ ہمارے لیے بہت اچھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کا ٹاس تاخیر کے بعد ساڑھے 12 بجے کیا گیا جبکہ میچ بھی تاخیر کے بعد 12:45 پر شروع ہوا۔












