سعودی عرب اور کويت نے اپنے شہريوں کو ہدايت دی ہے کہ وہ لبنان چھوڑ ديں۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پيش نظر تمام سعودی باشندوں کو ہدايت دی جاتی ہے کہ وہ جلد از جلد لبنان سے نکل جائيں۔
بعد ازاں کويتی حکومت نے بھی اس سے ملتا جلتا بیان دیا۔ قبل ازيں بحرين نے بھی اپنے شہريوں کو لبنان چھوڑنے کی ہدايات دی تھيں۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سعد الحريری نے رياض پہنچ کر لبنانی وزير اعظم کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کر ديا تھا۔
ان کے بقول ايران اور حزب اللہ نے انہيں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جبکہ حزب اللہ نے گزشتہ روز بيان جاری کيا ہے کہ الحريری کو استعفی دينے پر رياض حکومت نے آمادہ کيا۔ دونوں ملکوں ميں اس وقت شديد کشيدگی جاری ہے۔












