الی وڈ فلموں کی ہیروئن انوشکا شرما اور کرکٹ اسٹار ویراٹ کوہلی ’ناں۔۔ناں‘ کرتے ہوئے ایک دوسرے کے ساتھ رشتہ ازدواج میں بندھ گئے۔
شادی اٹلی کے شہر، میلان میں ہوئی۔ گزشتہ ہفتے ان کی شادی سے متعلق خبریں میڈیا میں عام ہوئیں تھیں۔ لیکن، دونوں کی جانب سے ’ناں۔۔ناں‘ کہا گیا، جبکہ ترجمان نے بھی اس شادی کی تردید کی، حالانکہ شادی اسی تاریخ پر ہوئی جس کی خبر میڈیا نے دی تھی۔
دونوں شخصیات کی جانب سے پیر کی شام سوشل میڈیا پر نہ صرف شادی کی تصاویر شیئر کر دی گئیں، بلکہ دونوں نے اپنے اپنے پیغامات بھی جاری کئے۔
شادی میں دونوں جانب سے قریبی رشتے داروں کے ساتھ ساتھ والدین نے بھی شرکت کی، جو ایک دو روز قبل ہی میلان پہنچے تھے۔
شادی دنیا کے مہنگے ترین ریزورٹس، ’بوگو فینو چیتو‘ میں ہوئی جو نہایت پر فضا مقام ہے۔
بھارتی میڈیا نے بھی شادی کی خبروں کی تصدیق کی ہے ساتھ ہی یہ اطلاع بھی دی ہے کہ انوشکا، ویراٹ سے عمر میں چھ ماہ بڑی ہیں۔
دونوں کی محبت کی خبریں سن 2013سے ہی گردش میں تھیں۔
ویراٹ کئی بار انوشکا کے بارے میں اپنے خیالات سے میڈیا اور کچھ دوستوں کو سر عام اپنے ’افیئر‘ کے بارے میں بتاتے رہتے تھے۔ تاہم، انوشکا کی جانب سے کبھی کھل کر اس کا اظہار نہیں کیا گیا، بلکہ اکثر مواقع پر انہوں نے ’افیئر‘ اور شادی کے ذکر پر کچھ کہنے سے اجتناب ہی برتا۔













