کالاش قبیلہ اپنی الگ تہذیب اور رسم و رواج کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ ان کے رسم و رواج سے متعلق دنیا بھر میں ابہام پائے جاتے ہیں جس سے اس قبیلے کے لوگ نالاں نظر آتے ہیں۔
آج کل کالاش کے لوگ ایک خاص تہوار منا رہے ہیں جس کا نام چائوموس ہے۔ اس تہوار کی رسومات قریباً دو ہفتوں تک جاری رہتی ہیں۔ کالاش کے لوگوں کی نزدیک چائوموس ایک مقدس مذہبی تہوار ہے۔ اس تہوار میں قبیلے کے ایسے بچے جن کی عمر سات برس ہو چکی ہو انہیں مختلف رسومات کے بعد اس مذہب کا پیروکار بنایا جاتا ہے۔ یہ بچے اس دن پہلی بار کالاش قبیلے کا روائیتی لباس پہنتے ہیں۔
چاؤموس تہوار کے پہلے ہفتے میں عمومی طور پر کالاش قبیلے کے علاوہ کسی کو اس تہوار میں شرکت کی اجازت نہیں ہوتی جب کہ دوسرے ہفتے میں سیاح اور دیگر لوگ بھی ان خوشیوں میں شریک ہو سکتے ہیں اور اس قدیم قبیلے کو جشن مناتے دیکھ سکتے ہیں۔
کالاش قبیلے کے ایک فرد سعید گل نے چائوس کے متعلق وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کالاش عقیدے کے مطابق اس تہوار میں ایسی مقدس عبادات کی جاتی ہیں جن کے عام دنوں میں ادا کرنے کی ممانعت ہوتی ہے۔
عام دنوں میں یہ عبادت نہیں کرتے، جو مقدس گیت ہوتے ہیں وہ اس کے علاوہ ہم زبان پر نہیں لاتے۔ ان عبادات کو ہم اُن جَستا کہتے ہیں۔ مطلب پاک، خالص۔ وہ سب اس تہوار سے پہلے اور نہ ہی بعد میں کی جاتی ہیں۔ کالاش مذہب کا جو بھی طریقہ ہے وہ سب اس (تہوار) میں ادا کیا جاتا ہے۔
اس تہوار کے دوران لوگوں کو پاک کرنے کا بھی ایک عمل کیا جاتا ہے۔ جو لوگ پاک نہ ہوں وہ تین دن تک اس تہوار میں شرکت نہیں کرسکتے۔ سعید گل نے بتایا کہ مردوں اور خواتین کو پاک بنانے یا کرنے کا طریقہ مختلف ہوتا ہے۔
لڑکے جب چھوٹے ہوتے ہیں تو ان کو پانی سے پاک کرتے ہیں۔ ایک سال کا جب ہو تو اس کو جشنِ بہار میں دودھ سے پاک کرتے ہیں۔ جب وہ بڑا ہو جاتا ہے سات آٹھ سال کا تو اس کو بکرے کے خون سے پاک کرتے ہیں اس خون کے چھینٹیں وغیرہ مار کر۔ خواتین کا طریقہ مختلف ہے یہ ایک رسم ہوتی ہے جس کو ہم شوشاؤ کہتے ہیں۔ گاؤں سے اوپر بکریوں کے باڑے میں مرد روٹیاں بناتے ہیں۔ وہ خواتین کے ہاتھ میں دے کر صنوبر کی ایک شاخ انھیں تھما دی جاتی اس کا بھی ایک مخصوص طریقہ ہوتا ہے۔
اس تہوار کے دوران بہت سے جوڑے رشتہ ازدواج میں بھی بندھتے ہیں۔ سعید گل کے مطابق یہ شادی بیاہ کی رسمیں صرف اسی تہوار تک محدود نہیں بلکہ وہ سال میں کسی بھی وقت ہو سکتی ہیں لیکن چونکہ یہ ایک اہم تہوار ہوتا ہے اور تمام لوگ جمع ہوتے ہیں لہذا اس موقع پر شادی بیاہ کا اہتمام بھی کر لیا جاتا ہے۔
چائوس کا یہ تہوار 22 دسمبر تک جاری رہے گا۔













