چائے کے شوقین افراد کے لیے اچھی خبر ہے، چائے کا باقاعدہ استعمال آنکھوں میں سبز موتیے کا خطرہ کم کر دیتا ہے۔ امریکا کی یونیورسٹی آف کیلیفورنیا کی تحقیق کے مطابق روزانہ چائے پینے سے بینائی چھیننے والی بیماری کا خطرہ 74 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔ کافی ، آئس ٹی یا دیگر سافٹ ڈرنکس کے استعمال سے آنکھوں کو فائدہ نہیں ہوتا۔
دنیا بھر میں چائے کا استعمال ناشتے سے لے کر رات کے کھانے کے بعد تک بکثرت کیا جاتا ہے اس کی ایک وجہ اس کا ذائقہ اور خوشبو کے ساتھ ساتھ جسم میں آنے والی سستی کا خاتمہ بھی ہے۔ چائے فوری طور پر جسمانی تھکن دور کر کے انسان کو چاق و چوبند کرنے کی صلاحیت سے مالا مال ہے۔ زمانہ قدیم میں چین کے ہسپتالوں میں بطور دوا استعمال کی جانے والی چائے آج دنیا بھر میں پیا جانے والا ایک اہم مشروب ہے۔
آج دنیا میں چائے کی کئی اقسام کاشت کی جا رہی ہیں جن میں کالی چائے کے علاوہ سبز چائے بھی مقبول عام ہے جو سرد موسم میں ایشیا کے ممالک میں سردی بھگانے کیلئے بکثرت استعمال کی جاتی ہے۔ بنگلہ دیش ،سری لنکا میں چائے پہاڑی علاقوں میں کاشت کی جاتی ہے اور اس کے بعد اسے تیار کر کے دنیا بھر کے ممالک میں برآمد کر دیا جاتا ہے ۔ یہ ممالک چائے کی برآمدات سے کثیر زرمبادلہ بھی کما رہے ہیں ۔













