قاہرہ کے جنوبی علاقے ہلوان میں واقع ایک چرچ اور ایک خریداری مرکز پر کیے جانے والے حملوں میں کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک حملے کا نشانہ ہلوان کا قبطی چرچ تھا۔ ہلوان میں حملے کا نشانہ بننے والا شاپنگ سینٹر بھی ایک قبطی مسیحی کی ملکیت ہے۔
مصری وزارت داخلہ نے بتایا کہ ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار اور سات شہری شامل ہیں۔ چرچ کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک موٹرسائیکل پر سوار ایک حملہ آور زخمی بھی ہوا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ حملہ آور ایک مطلوب دہشت گرد ہے، جو پہلے بھی کئی حملوں میں ملوث رہا ہے۔












