ایران میں گرتے ہوئے معیارِ زندگی اور کرپشن کے خلاف پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ چھٹے روز میں داخل ہو چکا ہے۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق اصفہان کے علاقے میں ہوئے ہنگاموں میں 9 ہلاکتوں کے بعد ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں گیارہ سالہ بچہ اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
میڈیا کے مطابق چھ مظاہرین پولیس اسٹیشن سے اسلحہ لوٹنے کی کوشش میں ہلاک ہوئے۔ ادھر غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے دارالحکومت تہران میں گزشتہ تین دنوں سے جاری مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کی تعداد 450 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے دشمن بد امنی پھیلا رہے ہیں۔












