متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی ارکان میں سے ایک اور رابطہ کمیٹی کے سابق رکن سلیم شہزاد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں شامل ہوگئے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سلیم شہزاد نے بنی گالہ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران سلیم شہزاد نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے مل کر کام کرنے کا عزم کا اعادہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ فروری 2017 میں سلیم شہزاد 25 سال بعد وطن لوٹے تھے، تاہم متعدد مقدمات میں نامزد ہونے کے باعث انہیں کراچی ایئرپورٹ سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ان کا شمار ایم کیو ایم کے بانی اراکین میں ہوتا ہے، لیکن پی ٹی آئی میں شامل ہونے سے قبل وہ ایم کیو ایم کے کسی بھی دھڑے کا حصہ نہیں تھے۔
گزشتہ ماہ انہوں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کی نئی بنائی جانے والی جماعت میں ڈرائی کلینر اور ٹارگٹ کلروں کو رکن نہیں بنایا جائے گا، جبکہ پارٹی میں پڑھے لکھے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ ہوں گے۔












