افغان دارالحکومت کابل میں ہفتے کے دن ہونے والے خونریز خود کش حملے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد ایک سو تین ہو گئی ہے۔
حکام نے بروز اتوار بتایا کہ طالبان باغیوں کی اس کارروائی کی وجہ سے دو سو پینتیس افراد زخمی بھی ہوئے۔ کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے، اس لیے طبی حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
اس حملے کے متاثرین سے اظہار یک جہتی کی خاطر افغانستان میں آج اتوار کے دن قومی سوگ منایا جا رہا ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے اس شورش زدہ ملک میں انتہا پسندوں کی خونریز کارروائیوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔












